کانپور: بھارتی ریاست اترپردیش میں ٹرین کی 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 68 زخمی ہو گئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر کانپور کے قریب اجمیر سیلداہ ٹرین کی 15 بوگیاں پٹڑی سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک اور 40 زخمی ہو گئے۔ ریلوے حکام نے واقعہ میں ہلاکتوں کی تصدیق سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ حادثے میں 68 افراد زخمی ہوئے ہیں جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق ٹرین کو حادثہ صبح 6 بجے کے قریب رورا ریلوے اسٹیشن کے قریب پیش آیا تاہم حادثے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ دوسری جانب بھارت کے وزیر ریلوے سریش پرابھو کا کہنا ہے کہ واقعہ کی ہر طرح سے تحقیقات کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی بھارت میں اندور پٹنا ایکسپریس کی متعدد بوگیاں پٹڑی سے اترنے سے 150 کے قریب افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔