کوئٹہ : رکن بلوچستان اسمبلی میرعامر خان رند نے کہا ہے کہ قطرکے شکاریوں کو بلوچی میڑھ کی وجہ سے مشروط طور پر الاٹ شدہ محض ایک ایریا میں شکار کی اجازت دی تاہم انہوں نے الاٹ کردہ علاقے سے تجاوز کرتے ہوئے تحصیل میر پور و دیگر علاقوں میں زرعی فصلوں کو نقصان پہنچاتے ہوئے شرائط سے انحراف کیا اس لئے اب ہم سے مزید مہمان نوازی کی توقع نہ رکھیں علاقے کے عوام کے منتخب نمائندے کی حیثیت سے میں اپنے عوام کے ساتھ کھڑا ہوں ۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں میر عامر خان رند نے کہا کہ قطریوں کو علاقے کے عوام کی منشاء کے برعکس لانا اور زرعی فصلوں کے نقصان میجں جو لوگ ملوث ہیں ان کو اچھی طرح جانتے ہیں بلوچی میڑھ کو عزت دیتے ہوئے مشروط اجازت دی لیکن انہوں نے وعدہ خلافی کی اتنے نقصان پر عوام سراپا احتجاج تھے لیکن سردار یارمحمد رنداور بحیثیت رکن اسمبلی ہم نے اپنے علاقے کے عوام کو پرامن رہنے کی تلقین کی ہم علاقے کے عوام کے شکر گزار ہیں کہ وہ پرامن رہے تاہم قطریوں نے اچھا تاثرقائم نہیں کیا اورزرعی نقصان کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں کو زدوکوب بھی کیا گیا جس کے لۂے مقامی انتظامیہ سے ایف آئی آر کے اندرا ج کے لئے بھی رجوع کیا گیا لیکن مقدمہ درج نہیں ہوا اس لئے قطری شکاریوں اورانکے رفقاء کے خلاف مقدمے کے اندراج کیلئے عدالت عالیہ سے رجوع کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ علاقے کے عوام کا تحفظ ہمارا آئینی وقانونی حق ہے اور اپنے اس حق کو ہر صورت میں استعمال کرینگے کسی کو خوش فہمی میں نہیں رہنا چاہئے خلاف قانون اقدام میں قطریوں سمیت جو بھی ملوث ہے اسکے خلاف ایف آئی آر درج کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لائیں گے۔