رحیم یار خان: شفیع ٹاؤن میں مسجد کے قریب مبینہ خود کش حملے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے۔
رحیم یار خان کے علاقے شفیع ٹاؤن میں مسجد کے باہر خود کش دھماکے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جب کہ دھماکا اس قدر شدید تھا کہ اس سے قریبی عمارتوں اور دکانوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بڑی تعداد میں لوگ نماز جمعہ کے لئے جمع تھے کہ اچانک دھماکا ہو گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو شیخ زید اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز کے مطابق دونوں اہلکاروں کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ڈی پی او رحیم یار خان کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار نے ایک مشکوک شخص سے پوچھ گچھ کے لئے اس کے قریب گئے تو اس نے وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی، پولیس کی جوابی کارروائی میں مشکوک شخص ہلاک ہو گیا تاہم اس نے خود کو دھماکا خیز مواد کی مدد سے اڑا لیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آور کا ہدف انچارج سی ٹی ڈی چوہدری اشرف تھے۔
دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نماز جمعہ کی سیکیورٹی پر مامور پولیس اہلکار ایک برقع پوش بھکاری سے پاس گئے تو زورداد دھماکا ہو گیا۔ پولیس کی بھاری نفری نے دھماکے کے بعد جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر علاقے میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا ہے جب کہ ریسکیو آپریشن بھی شروع کر دیا گیا ہے۔