کراچی: جبری رخصت پر بھیجے گئے انسپکٹر جنرل پولیس اے ڈی خواجہ نے اپنا عہدہ دوبارہ سنبھال لیا جس کے بعد وہ وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں ہونے والے ایپکس کمیٹی کے 18 ویں اجلاس میں شریک ہوئے۔
آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ کو 19 دسمبرکو جبری رخصت پر بھیج دیا گیا تھا اور ان کی جگہ کراچی پولیس چیف مشتاق مہر کو قائم مقام انسپکٹر جنرل تعینات کردیا گیا تھا۔ اے ڈی خواجہ کی رخصت کے بعد سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان اختلافات کی خبریں زیر گردش رہیں جب کہ ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی جی اے ڈی خواجہ اورسندھ حکومت کے درمیان بعض معاملات پر اختلافات پائے جاتے تھے جس کے باعث انہیں جبری رخصت پر بھیجا گیا۔
اے ڈی خواجہ کی جبری رخصت کی خبر کے بعد 35 سے زائد سابقہ آئی جیز اور افسران نے وزیراعظم نوازشریف کو خط بھی لکھا تھا جس میں درخواست کی گئی تھی کہ اے ڈی خواجہ ایک بہترین اور ایماندار افسر ہیں ان کو ان کے عہدے پر دوبارہ بحال کیا جائے جب کہ سندھ ہائی کورٹ میں اے ڈی خواجہ کی جبری رخصت کے خلاف درخواست بھی دائر کی گئی تھی جس پر عدالت نے آئی جی سندھ کو عہدے پر رہنے کا حکم امتناعی بھی جاری کردیا تھا۔