|

وقتِ اشاعت :   January 4 – 2017

کوئٹہ : میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ نے ٹھیکیداروں کی جانب سے سولڈویسٹ ٹینچنگ گراؤنڈ تک کچرہ نہ پہنچانے کے عمل پر سخت برہمی کااظہار کرتے ہوئے ٹھیکیداران کو مجموعی طورپر 3لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کاحکم دیاہے اور ہدایت کی ہے کہ وہ ٹریکٹر ڈرائیوران نہ صرف کچرے کو سولڈ ویسٹ ٹینچنگ گراؤنڈ تک پہنچائے بلکہ وہ کچرے کے اوپر ترپال ڈالنے کے بھی پابند ہونگے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز سولڈ ویسٹ پلانٹ اور ٹینچنگ گراؤنڈکے اچانک دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ جب سولڈ ویسٹ پلانٹ اور ٹینچنگ گراؤنڈ کے دورے کیلئے جارہے تھے تو ٹریکٹرز کی گزر گاہوں کے قریب واقع آبادی کے لوگوں نے انہیں شکایت کی کہ کچرہ لے جانیوالے ٹریکٹرز والوں کی جانب سے کچرے کو ترپال سے ڈھانپا جاتاہے اورنہ ہی اکثر ٹریکٹرز والے ٹینچنگ گراؤنڈ تک کچرہ لے جاتے ہیں بلکہ وہ آبادیوں کے درمیان واقع کھلے میدانوں میں اسے خالی کردیتے ہیں جس کی وجہ سے وہاں رہائش پذیر افراد کو کچرے سے اٹھنے والے تعفن سے مشکلات کاسامنا کرناپڑتاہے ،اس پر میئرکوئٹہ نے سخت برہمی کااظہار کیااور سولڈ ویسٹ تک کچرہ پہنچانے والے دونوں ٹھیکیدران کو مجموعی طورپر 3لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا بھی حکم دیا اور متنبہ کیاکہ جو ٹریکٹرڈرائیورز کچرے کو سولڈ ویسٹ پلانٹ اور اس کے ٹینچنگ گراؤنڈ تک نہیں پہنچائینگے ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی ،میئرکوئٹہ ڈاکٹرکلیم اللہ نے ٹریکٹر ڈرائیوران اور کچرہ اٹھانے والے ٹھیکیداران کو بھی سختی سے ہدایت کی کہ وہ کچرے کے اوپر ترپال ڈالنے کی بھی پابندی کرے کیونکہ یہ میٹروپولٹین کارپوریشن اور ان کے درمیان ہونیوالے معاہدے میں شامل ہیں ،ڈاکٹرکلیم اللہ کاکہناتھاکہ کسی کو بھی یہ اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ میٹروپولٹین کارپوریشن کے وسائل کا غلط استعمال کرے یا پھر میٹروپولٹین کارپوریشن کے ساتھ ہونیوالے معاہدوں کی پاسداری سے رو گردانی کرے ،اس موقع پر ٹریکٹرز مالکان کی جانب سے میئرکوئٹہ کو شکایت کی گئی کہ سولڈ ویسٹ ٹینچنگ گراؤنڈ تک ٹریکٹرز کیلئے راستہ بنانے والے بلڈوزر کے کام کرنے کے دورانیہ کو بڑھایاجائے جس پر ڈاکٹر کلیم اللہ موقع پر ہی ہدایات جاری کئے اورکہاکہ ٹریکٹرز کو سولڈ ویسٹ پلانٹ اور ٹینچنگ گراؤنڈ تک کچرہ لے جانے کیلئے بلڈوزر کے ذریعے راستہ بنائے اگر چہ راستے کا مسئلہ خود ٹریکٹر ڈرائیوروں کی وجہ سے تھا تاہم بلڈوزر کا دورانیہ بڑھا کر اس مسئلے کو حل کیاجارہاہے ۔