ممبئی: بھارت کے معروف اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں چل بسے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق معروف اداکار اوم پوری 66 برس کی عمر میں چل بسے۔ اوم پوری کی موت کی وجہ دل کا دورہ بتائی جا رہی ہے۔ اوم پوری کے قریبی دوست نے سوشل میڈیا پر بالی ووڈ کے ورسٹائل اداکار کی موت کی خبر دیتے ہوئے کہا کہ اوم پوری کو دل کا دورہ پڑنے کے باعث اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہو سکے۔
بھارتی اور پاکستانی فلموں کے علاوہ اوم پوری نے ہالی ووڈ اور برطانوی فلموں میں بھی کام کیا۔ اوم پوری نے اپنی شاندار اور منفرد اداکاری کے باعث بھارت کا چوتھا بڑا سویلین ایوارڈ پدما شری اپنے نام کیا جب کہ انہیں او بی ای ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اوم پوری کی موت کی خبر سننے کے بعد بالی ووڈ انڈسٹری کے فنکاربھی صدمے میں ہیں جنہوں نے اپنے دکھ کا اظہارکچھ اس طرح کیا ہے۔
بالی ووڈ کے مایہ نازہدایتکارمہیش بھٹ نے کہا کہ الوداع اوم پوری، تمہارے ساتھ آج میرا بھی ایک حصہ چلا گیا، میں کیسے ان راتوں کو بھول جاوں جب ہم دونوں سینما اورزندگی کے حوالے سے باتیں کیا کرتے تھے۔
دوسری جانب اداکارہ پریٹی زنٹا نے بھی ٹوئٹرپرافسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ایک نہایت باصلاحیت اداکاراوم پوری کی موت کی خبرسن کربہت دکھ ہوا،خدا ان کی روح کو سکون دے اورگھروالوں کو ہمت دے۔
اداکارانوپم کھیرنے کہا کہ اوم پوری کو اتنے سکون سے اپنے بسترپرسوتے دیکھا ہے، یقین نہیں آرہا کہ ہمارا اتنا بہترین اداکارگزرگیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ اوم پوری کو پچھلے 43 برسوں سے جانتے تھے، اوم پوری ان کے لیے ہمیشہ ایک بہترین اداکاراورسخی انسان ہی رہیں گے۔
واضح رہے کہ اوم پوری متعدد بھارتی فلموں کے علاوہ پاکستانی فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔ وہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پرامن تعلقات کے حامی تھے جس کی وجہ سے انہیں ہندو انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے شدید تنقید کا بھی سامنا رہا جب کہ وہ کئی بار پاکستان کا دورہ بھی کر چکے تھے۔