بنکاک: تھائی لینڈ کے جنوبی علاقے میں تیز بارشوں کے بعد سیلاب سے 12 افراد ہلاک ہو گئے، قدرتی آفات سے ہزاروں دیہات زیر آب آ چکے ہیں۔
رپورتسکے مطابق بعض علاقوں کو شدید سیلابی صورتحال کا سامنا ہے جس کی وجہ سے یہاں تباہی بھی زیادہ ہوئی۔
تھائی لینڈ کی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق ایک ہفتے کے دوران سیلاب متاثرین کی تعداد 7 لاکھ سے تجاوز کر چکی ہے۔
سیلاب سے سڑکیں تالاب کا منظر پیش کررہی ہیں جبکہ ریلوے ٹریک کی پٹریاں تباہ ہوچکی ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سیلابی بارشوں کا یہ سلسلہ مزید جاری رہنے کا امکان ہے جبکہ اس حوالے سے آٹھ صوبوں میں فلیش فلڈ کی وارننگ جاری کی گئی۔
تھائی صوبے نخون سی تھمارات نامی میں سب سے زیادہ 162.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ صوبائی دارالحکومت کے ایئرپورٹ کو طوفانی بارشوں کی وجہ سے بند کیا جا چکا ہے۔
واضح رہے کہ تھائی لینڈ میں سال کے اس حصے کو سیاحت کے حوالے سے اہم سمجھا جاتا ہے جبکہ سیاحت کا تھائی معیشت میں بڑا حصہ ہے۔
تاہم رواں سال سیلابی بارشوں کے نتیجے میں کئی اہم سیاحتی مقامات اور مشہور جزائر پر سیاحتی سرگرمیاں متاثر ہوچکی ہیں۔
اس دوران کچھ مسافر ایسے بھی ہیں جو سیلاب کو اپنی چھٹیوں کا مزہ خراب نہیں کرنے دے رہے اور سڑکوں پر جمع پانی میں ہی لطف اندوز ہونے میں مصروف ہیں۔
تھائی لینڈ کے ساتھ ساتھ اس کا ہمسایہ ملک ملائیشیا بھی سیلاب سے شدید متاثر ہوا ہے، جہاں ہزاروں بے گھر افراد ریلیف سینٹرز میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔