کراچی: شہرقائد میں ٹارگٹ کلر ایک مرتبہ پھر سرگرم ہوگئے اور2 الگ الگ واقعات میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ طارق روڈ پر شہری نے 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کردیا۔
کراچی میں شارع قائدین اور شفیق موڑ پر فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق جب کہ 2 زخمی ہوگئے ریسکیو اہلکاروں نے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا تاہم جاں بحق ہونے والے دونوں افراد کی شناخت نہیں ہوسکی جب کہ فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں افراد کو طبی امداد دی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں طارق روڈ پرشہری کی فائرنگ سے دو ڈاکو ہلاک ہوگئے، پولیس کے مطابق ڈاکو لوٹ مارکے بعد فرار ہورہے تھے کہ ناصر نامی شخص نے دلیری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈاکوؤں کا تعاقب کیا اور فائرنگ کرکے انہیں ہلاک کردیا۔ پولیس کاکہنا ہے کہ ہے شہری کا اسلحہ لائسنس یافتہ ہے جب کہ ڈاکوؤں کے قبضے سے 2 ٹی ٹی پستول ملے ہیں۔