|

وقتِ اشاعت :   January 13 – 2017

 اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان جھوٹ اوراحتجاجی سیاست سے کیس نہیں جیت سکتے جب کہ وہ عدالت میں کچھ ثابت نہیں کرپائے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرمملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران خان جھوٹ اوراحتجاجی سیاست سے کیس نہیں جیت سکتے، عمران خان عدالت میں کچھ ثابت نہیں کرپائے جب کہ اب تک جو بھی دستاویزات جمع کروائے گئے ہیں وہ (ن)  لیگ نے جمع کروائے ہیں تاہم بہت جلد وہ وقت آئے گا جب عمران خان خود مریم نواز، مریم نواز کے نعرے لگائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ فیصلہ عدالت کو کرنا ہے عمران خان کو نہیں لیکن انہیں عدالت کے باہر مقدمہ لڑنے کی عادت ہے، وزیراعظم  نے کہا تھا کہ جب بھی دستاویزات مانگے گئے تو فراہم کریں گے جب کہ نواز شریف کا بڑا پن ہے کہ وہ 3 بار اس ملک کے وزیراعظم بنے اور وزیراعظم ہونے کے باوجود ان کے خلاف مقدمہ عدالت میں چل رہا ہے۔ عمران خان کی جانب سے نیب 3 ماہ تک اپنے حوالے کیے جانے سے متعلق پوچھے گئے سوال پر مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یہ عمران خان کی خواہش ہے لیکن انہوں نے خیبر پختونخوا میں احتساب کمیشن کا کیا حال کیا؟ اس کمیشن کی مدت نہیں بڑھائی گئی کیونکہ اس کمیشن کے پاس سارے مقدمات ان کی حکومت کے خلاف تھے۔ دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان کا نیب سے متعلق بیان مذاق ہے، ملک میں اینٹی کرپشن کے 34 ادارے کام کر رہے ہیں، سیاست دانوں پر گند اچھالنے کا دور ختم ہوچکا ہے، مسلم لیگ (ن) کے کسی فرد نے این آر او سے ریلیف نہیں لیا،  این آر او سے90 فیصد فائدہ سندھ سے لیا گیا ہے۔