|

وقتِ اشاعت :   February 1 – 2017

اسلام آباد:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے صوبے میں پرامن ماحول میں شفاف بنیادوں پر مردم شماری کے انعقاد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مردم شماری کے عمل میں صوبائی حکومت کی جانب سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیف کمشنر مردم شماری آصف باجوہ سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کرکے بلوچستان میں مردم شماری کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ چیف کمشنر نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ پاک فوج کی نگرانی میں منعقد ہونے والی مردم شماری کیلئے بلوچستان کے تمام اضلاع میں عملے کی تعیناتی سمیت تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں تاہم واشک اور آواران اضلاع میں عملے کی کمی ہے جس پر وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری بلوچستان کو مذکورہ اضلاع میں عملے کی کمی دور کرنے کی ہدایت کی ۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیاگیا کہ صوبے میں مردم شماری کی مکمل شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور افغان باشندوں کو کسی صورت مردم شماری کے عمل میں شامل نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملاقات میں طے پایا کہ چیف کمشنر اپنی ٹیم کے ہمراہ جلد کوئٹہ آکر اراکین صوبائی اسمبلی اور صوبائی کابینہ کو مردم شماری کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے صوبے میں صاف و شفاف بنیادوں پر مردم شماری کے انعقادکیلئے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ حکومت صوبے میں توانائی کے متبادل ذرائع کے استعمال کے ذریعہ توانائی کی پیداوار میں اضافے کیلئے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اور اس شعبہ میں سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ سرمایہ کار کمپنیوں کے ساتھ شمسی توانائی کے منصوبوں کیلئے طے پائے جانے والے معاہدوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کویت انرکون کے چیف ایگزیکٹو المطہری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ واضح رہے کہ کویت انرکون جوکہ ایک خودمختار کمپنی ہے بلوچستان میں توانائی کے شعبہ میں کثیر سرمایہ کاری کررہی ہے جس میں 500میگاواٹ کے پاور پلانٹس کا قیام اور زرعی ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی بھی شامل ہے جس کیلئے صوبائی حکومت اور کمپنی کے درمیان تمام امور طے پاچکے ہیں اور وزیراعلیٰ جلد ٹیوب ویلوں کی شمسی توانائی پر منتقلی کے پائلٹ پراجیکٹ کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کمپنی کو 250میگاواٹ پاور پلانٹ کی تنصیب کے منصوبے کیلئے اراضی کی فراہمی کے عمل کو فوری طور مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی ۔ وزیراعلیٰ نے کمپنی کے حکام سے زرعی ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے میں زمینداروں کو کمپنی کی جانب سے آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا۔ کمپنی حکام نے اس ضمن میں تعاون کی فراہمی کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ۔