کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیوں اور بزنس کمیونٹی کو بلوچستان میں سرمایہ کاری کیلئے سازگار ماحول اور ضروری سہولیات کی فراہمی کیلئے تیار ہیں وہ آئیں اور اپنے ملک اور صوبے میں سرمایہ کاری کرتے ہوئے ان کی تعمیر و ترقی میں اپنا حصہ ڈالیں ان کا کھلے دل سے خیر مقدم کیا جائے گا وہ خود جلد برطانیہ اور دیگر یورپی ملکوں کا دورہ کرکے پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے اور انہیں بلوچستان میں اقتصادی راہداری ، گوادر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے آگاہ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سپیکر بلوچستان صوبائی اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے جمعہ کے روز یہاں ان سے ملاقات کی اور انہیں اپنے حالیہ دورہ برطانیہ کے دوران پاکستانی کمیونٹی اور تاجر برادری سے ہونے والی ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی بزنس کمیونٹی اپنے ملک میں سرمایہ کاری کرکے ملک کی معاشی و اقتصادی ترقی میں ہاتھ بٹانا چاہتی ہے بالخصوص گوادر اور بلوچستان کے دیگر شعبوں خاص طور سے رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی خواہشمند ہے ۔ سپیکر نے بتایا کہ پاکستانی بزنس کمیونٹی نے ان کے توسط سے وزیراعلیٰ بلوچستان کو دورہ برطانیہ کی باضابطہ دعوت دی ہے تاکہ انہیں بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور امکانات کے حوالے سے آگاہی حاصل ہوسکے جبکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی بلوچستان میں امن واستحکام اور جاری ترقیاتی عمل کو سراہتے ہیں اور ان کا کہنا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی کاوشوں سے بلوچستان کے حوالے سے بیرون ملک پائے جانے والے منفی تاثر اور پراپیگنڈہ کو زائل کرنے میں مدد ملی ہے ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے بیرونی سرمایہ کاروں خاص طور سے بیرون ملک پاکستانیوں کو خصوصی مراعات اور ترغیبات فراہم کرے گی اس حوالے سے وہ متعلقہ حکام اور پارلیمانی ساتھیوں کے ہمراہ بیرونی ممالک کا دورہ کرکے پاکستانی بزنس کمیونٹی سے خصوصی ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اب ہم وقت اور وسائل کے ضیاع کے مزید متحمل نہیں ہوسکتے اللہ تعالیٰ نے ہمیں جو موقع فراہم کیا ہے اور 18ویں ترمیم کے تحت ہمیں جو اختیارات حاصل ہیں ان کا صحیح استعمال کرکے اپنے وسائل سے بھرپور استفادہ کریں گے اوران کے ثمرات عام آدمی تک پہنچائیں گے انہوں نے کہ معدنیات ، توانائی اور دیگر شعبوں میں غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں سے صوبے کے مفادات کو تحفظ دیتے ہوئے معاہدے کئے جائیں گے جس سے صوبہ معاشی طور پر خود انحصار اور عوام باروزگار اور خوشحال ہوں گے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی نے اس موقع پر وزیراعلیٰ کو یہ بھی بتایا کہ ان کے صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال کے ہمراہ دورہ برطانیہ کے دوران برٹش کونسل اور صوبائی حکومت کے مابین انگلش لینگویج ٹیسٹ ( آئلیز) کے بلوچستان میں انعقاد کے معاہدے پر دستخط کئے گئے ہیں جس سے بلوچستان کے طلباء کو برطانیہ میں اعلیٰ تعلیم کے سکالر شپ کے حصول کیلئے سہولت ملے گی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے معاہدے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اسے شعبہ تعلیم کی ترقی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا۔