کوئٹہ:وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ تعلیم اور صحت کے شعبے میں بلوچستان کے عوام کو سہولتیں مہیا کرنا ایک بڑا کام ہے اور سماجی اداروں اور مخیر حضرات کو ان شعبوں میں بڑھ چڑھ کر کام کرنا چاہئے تاکہ اس سلسلے میں حکومتی اقدامات کو نتیجہ خیز بنایا جاسکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوابزادہ سکندر شہید ٹرسٹ کے تحت ایمبولینس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں دیگر لوگوں کے علاوہ معروف سماجی کارکن عبدالستار ایدھی کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کے وسیع رقبے اور بکھری ہوئی آبادی کی وجہ سے اکثر امدادی کاروائیوں میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ انہوں نے گڈانی سانحہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ موقع پر بروقت طبی سہولتیں نہ ملنے کے باعث نقصان بڑھ جاتاہے ۔ گڈانی حادثے کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ان کے نزدیک ایک انسان کی زندگی اربوں روپے سے زائد قیمتی ہے انہوں نے کہا کہ انہوں نے صفائی اور ضروری حفاظتی انتظامات کے بغیر آئل ٹینکروں پر پابندی عائد کی ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی بار سیٹھوں کو ہتھکڑیاں لگائی ہیں ہرچند کہ اب وہ ضمانت پر رہا ہوچکے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنت کشوں کی زندگی پر کوئی کمپرومائز نہیں ہوسکتا۔ وزیراعلیٰ نے نوابزادہ سکندر شہید ٹرسٹ کے قیام کو خوش آئندہ قراردیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ ٹرسٹ اپنی خدمات کو مختلف شعبوں اور صوبہ بھر میں وسعت دے گا انہوں نے شدید سردی کے باوجود تقریب میں شرکت کرنے پر فیصل ایدھی کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نوابزادہ سکندر شہید ٹرسٹ فیصل ایدھی کے تعاون اور اشتراک سے صوبہ میں عام لوگوں کی خدمت میں اہم و فعال کردار ادا کرے گا۔
وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ خان زہری نے اس موقع پر کینسر کے عالمی دن کے حوالے سے بلوچستان میں ایک کینسر ہسپتال تعمیر کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید سہولتوں سے آراستہ ایک کارڈیو سیکولر ہسپتال بھی تعمیر کیا جائے گا جبکہ وزیراعلیٰ نے ہر ضلع میں ٹراما سینٹر قائم کرنے کا بھی اعلان کیا تاکہ کسی بھی ناکوشگوار واقعہ کی صورت میں مریضوں کی فوری اور بروقت علاج مہیا کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ نے اپنی اور اپنی حکومت کی جانب سے نوابزادہ سکندر شہید ٹرسٹ کو بھرپور تعاون کی یقین دہانی ، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے فیصل ایدھی نے نوابزادہ سکندر شہید ٹرسٹ کے قیام پر مبارکباد دیتے ہوئے ایدھی فاؤنڈیشن کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان معدنیات سے مالا مال ہونے کے باوجود غریب صوبہ ہے اس صوبے کی ترقی اور یہاں رہنے والوں کی خوشحالی کیلئے ہم سب کو اپنا اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ فیصل ایدھی نے بلوچستان کے وسیع رقبے اور بکھری ہوئی آبادی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے یا کسی ذمہ دار ادارے کے تحت ائریمبولینس سروس شروع کرنے کی تجویز دی۔ تقریب میں سپیکر بلوچستان اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، مےئر کوئٹہ ڈاکٹر کلیم اللہ، ڈپٹی مےئر یونس بلوچ، اراکین صوبائی اسمبلی اور سینئر سرکاری افسران نے شرکت کی۔