|

وقتِ اشاعت :   February 7 – 2017

اسلام آباد:سانحہ کوئٹہ از خود نوٹس کیس کی سماعت پر سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وزیرداخلہ کے اعتراضات پر بار کونسل 12دن کے اندر جواب جمع کرائے۔پیر کو جسٹس امیر ہانی مسلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سانحہ کوئٹہ کیس کی سماعت کی،سماعت پر وزارت داخلہ کے وکیل مخدوم علی خان نے عدالت سے استدعا کی کہ کمیشن رپورٹ میں وزیر کی جگہ وزارت کیا جائے۔جسٹس امیر ہانی مسلم نے اپنے ریمارکس میں کہاکہ کمیشن نے آبزرویشن دی، فائنڈنگ نہیں،ذاتی معاملے کو چھوڑ قومی مفاد کو مدنظر رکھیں جو کام تحقیقاتی ادارے کرتے ہیں وہ کمیشن نے کیا،بدقسمتی سے نہ تحقیقاتی افسر کی تربیت ہوتی ہے نہ وہ ایمانداری سے کام کرتے ہیں۔جسٹس امیر ہانی مسلم نے کہاکہ عوام کے وسیع تر مفاد اور قانون کی بالادستی کیلئے کام کررہے ہیں،ہم جانتے ہیں پنجاب میں بھی کچھ کالعدم تنظیمیں موجود ہیں،وفاق اور صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے بھی دیکھنا ہوگا،کوئی حکومت نہیں چاہتی کہ ایسے واقعات ہوں۔عدالت نے ہدایت کی کہ وزیرداخلہ کے اعتراضات پر بار کونسل 12دن کے اندر جواب جمع کرائے،عدالت نے کیس کی سماعت دوہفتوں تک ملتوی کردی۔