لاہور:وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ حق و باطل کے درمیان معرکہ ہے جس میں ہم حق پر ہیں ، قومی عزم کے ذریعے دشمن کو شکست دیں گے ، حکومت ملک میں قیام امن کے لئے ہر طرح کے اقدامات کر رہی ہے اور دہشتگردی کا خاتمہ ہماری اولین ترجیح ہے ، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پہلے سے زیادہ پر عزم ہیں، دہشت گردی کی مذموم کارروائیاں ہمارے ارادوں کو متزلزل نہیں کر سکتیں ، دہشتگردی اور اس کے نظریے کے کینسر کا جلد خاتمہ ہو گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی ہی ہمارے لئے واحد آپشن ہے اس جنگ میں فوج ، فوجی و سول قانون نافذ کرنے والے اداروں اور پولیس نے بے شمار قربانیاں دیں،قوم ان قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی ۔ منگل کو یہاں وزیر اعظم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف ، وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، وزیر اعظم کے مشیر برائے قومی سلامتی لیفٹننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ اور صوبائی کابینہ کے ممبران نے شرکت کی ۔وزیراعظم کو سانحہ لاہور سے متعلق ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی ، وزیراعظم نے لاہور کی سیکیورٹی سے متعلق تفصیلی رپورٹ طلب کر لی ۔ اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا ۔ فوج اور دیگر عسکری و سول قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس جنگ میں عظیم کامیابیوں کے لئے بیشمار قربانیاں دیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ قیام امن کیلئے ہر طرح کے اقدامات کر رہے ہیں ،دہشت گردی کا خاتمہ اولین ترجیح ہے ، ان واقعات کو ہر صورت روکنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور سہولت کاروں کے خلاف بلا تفریق کاروائیاں جاری ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہر حال میں جیتنی ہے ، ہم اس جنگ میں پہلے سے زیادہ پر عزم ہیں ۔ مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے دہشت گردی کے خلاف بے مثال قربانیاں دیں ۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی مذموم کارروائیاں ہمارے ارادوں کو متزلزل نہیں کر سکتیں ، دہشتگردی کے خلاف جنگ حق و باطل کے درمیان جنگ ہے اور ہم بطور قوم تاریخ میں اس جنگ میں حق کی راہ پر ہیں ۔ قومی عزم کے ذریعے دشمن کو شکست دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس دہشت گردی اور اور اس کے نظریے کے کینسر کا جلد خاتمہ دیکھیں گے ، کامیاب جواب ہی ہمارے لئے واحد آپشن ہے ۔ مجھ سمیت پوری قوم بہادر پولیس افسروں اور جوانوں کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرے گی ۔اجلاس کو ایڈیشنل آئی جی انسداد دہشت گردی رائے طاہر نے بریفنگ دی ۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ خودکش حملہ آور کے سہولت کار کی شناخت کر لی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ سی سی ٹی وی کی فوٹیج سے تحقیقات کا عمل تیز کرنے میں مدد ملی ہے ۔ پولیس کو نشانہ بنانا تھا اور حملہ آور کو ہائی پروفائل افسر مل گئے ۔