|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2017

کوئٹہ:بلوچستان کے علاقے آواران میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر بم دھماکے سے حملے کے نتیجے میں کیپٹن سمیت 3 جوان شہید اور2 اہلکار شدید زخمی ہو گئے دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا یہاں آمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز آواران کے علاقے جھاؤ میں کوراک دولگ کے مقام پر سیکورٹی فورسز کا قافلہ جا رہا تھا کہ نامعلوم افراد کی جانب سے تخریب کاری کی غرض سے روڈ کے کنارے نصب کیا گیا دھماکہ خیز مواد زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کیپٹن طلح ، سپاہی کامران اور سپاہی متھر جان موقع پر شہید جبکہ سپاہی عاشق اور امان اللہ شدید زخمی ہو گئے دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچا دھماکے کی اطلاع ملتی ہی مقامی انتظامیہ موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا لاشیں ضروری کا رروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی مزید کا رروائی مقامی انتظامیہ کر رہی ہے،دریں اثناء تربت کے علاقے میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ ایک شخص جاں بحق۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو تربت کیچ کے علاقے خیر آباد میں کرکٹ میچ کے دوران نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک کھلاڑی نعیم خان ولد رحیم بخش موقع پر جاں بحق ہوگئے مزید کارروائی لیویز کر رہی ہے ۔ دریں اثناء وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے ملک وقوم کی خاطر قربانیاں دیکر یہ ثابت کردیا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے ، پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں ۔ جمعرات کے روز بلوچستان کے ضلع آواران میں ہونے والے بارودی سرنگ دھماکے میں فوجی افسر اور جوانوں کی شہادت پر وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پاک فوج کے شہداء قوم کا فخر ہیں دشمن صرف بزدلانہ کارروائیاں ہی کرسکتا ہے پاک فوج کا مقابلہ نہیں کرسکتا ۔ پاک فوج کے افسر اور جوانوں نے قربانی دیکر یہ ثابت کیا ہے کہ پاکستان محفوظ ہاتھوں میں ہے وزیراعظم نے آ واران میں بارودی سرنگ دھماکے کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کااظہار کیا ہے ۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز آواران میں فوجی قافلے کے قریب بارودی سرنگ دھماکے میں افسر سمیت تین فوجی شہید ہوگئے تھے جبکہ دو فوجی زخمی بھی ہوئے تھے،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دشمنوں کو شکست دینے اور اپنے ملک پاکستان کے دفاع کا عزم کوئی متزلزل نہیں کر سکتا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آواران میں پاک فوج کے کیپٹن طحہٰ سپاہی کامران ستی اور سپاہی مہتر جان کی بارودی سرنگ کے دھماکے میں شہادت پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے بیان میں کہاکہ کوئی بھی دشمن کو شکست دینے اور پاکستان کے دفاع کے ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کر سکتا۔