لاس اینجلس: امریکی ریاست کیلی فورنیا میں ایک چھوٹا طیارہ رہائشی علاقے میں دو عمارتوں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک ہوگئے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے (اے ایف پی) کی رپورٹ کے مطابق انتظامیہ نے بتایا کہ حادثے کے نتیجے میں 5 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ترجمان ایان گریگور کے مطابق سیسنا 310 نامی طیارہ ‘نامعلوم وجوہات’ کی بنا پر لاس اینجلس کے مشرقی حصے میں مقامی وقت کے مطابق 4 بج کر 40 منٹ پر تباہ ہوا۔
فائربریگیڈ کے چیف آفیسر مائیکل مور نے حادثے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ طیارے میں 5 افراد سوار تھے، جو دو گھروں سے ٹکرا کر تباہ ہوگیا۔
انتظامیہ کے مطابق حادثے کے وقت ان گھروں میں بھی لوگ موجود تھے جہاں آگ بھڑک اٹھی۔
مائیکل موور کا مزید بتانا تھا کہ حادثے میں بچنے والی واحد لڑکی، جسے طیارہ تباہ ہونے سے پہلے باہر دھکیل دیا گیا تھا، کو معمولی چوٹیں آئی ہیں جبکہ متاثرہ گھروں میں سے ایک کے رہائشی کی حالت تشویش ناک بتائی گئی۔
انتظامیہ 5 گمشدہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے، تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ حادثے میں ہلاک ہونے والے 4 افراد طیارے میں سوار تھے یا ان میں تباہ ہونے والے گھروں کے رہائشی بھی شامل ہیں۔
مائیکل مور کے مطابق طیارے میں سوار افراد نے سین جوس سے سفر کا آغاز کیا تھا اور وہ کسی چیئرلیڈنگ کانفرنس میں شرکت کے لیے لاس اینجلس میں موجود تھے۔