دمشق: شام کے شہر حلب میں امریکی فضائیہ کے طیاروں نے مسجد پر فضائی حملہ کر کے 42 نمازیوں کو شہید کردیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق شام میں انسانی حقوق کے لئے کام کرنے والے برطانوی ادارے کا کہنا ہے کہ حلب کے علاقے ال جن میں ایک مسجد پر فضائی حملے میں 42 نمازی شہید اور درجنوں زخمی ہو گئے، حملے کے وقت مسجد میں نمازیوں کی بڑی تعداد موجود تھی اور شہید ہونے والوں میں بڑی تعداد عام شہریوں کی ہے۔
امریکا نے حلب میں ہونے والے ہلاکت خیز فضائی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مسجد کو نہیں بلکہ ایک عمارت کو نشانہ بنایا جس میں کالعدم تنظیم القاعدہ کا اہم اجلاس جاری تھا۔ امریکی حکام کے مطابق اس بات کی تحقیقات کر رہے ہیں کہ آیا حملہ مسجد پر کیا گیا یا القاعدہ کے مرکز کو نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ شام میں مارچ 2011 سے جاری خانہ جنگی میں اب تک 3 تین لاکھ افراد ہلاک اور ایک کروڑ 10 لاکھ افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔