|

وقتِ اشاعت :   March 19 – 2017

کوئٹہ: ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقیات ڈاکٹر عمر خان بابر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں صوبائی حکومت جاری سال کے دوران2293 ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کررہی ہے اس سال حکومت بلوچستان صوبے کی ترقی، معیشت کی بہتری ذرائع رسل و رسائل کی ترقی، روزگار کی فراہمی ، زراعت، گلہ بانی ،تعلیم، صحت اور عوامی بہبود کے حامل دیگر منصوبوں پر صوبائی خزانے سے 65ارب ، وفاق کی جانب سے فراہم کردہ65 ارب اور غیر ملکی امداد سے7ارب جبکہ سی پیک کے تحت کثیر فنڈز سے عمل درآمد کرارہی ہے ان منصوبوں میں زیادہ تر کا تعلق پینے کے صاف پانی، سڑکوں اور پلوں کی تعمیر سکولوں و ہسپتالوں کے قیام اور دیگر فلاحی منصوبوں سے ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی ترقیات ایک طریقہ کار کے تحت ان منصوبوں پر فنڈز کا اجراء کرکے ان پر کام کی رفتار کے تناسب سے فنڈز فراہم کرتی ہے اور اس وقت تک صوبائی خزانے سے65 ارب روپے میں تقریباً 40ارب روپے کا جاری ترقیاتی منصوبوں کیلئے اجراء کیا جاچکا ہے محکمہ میں اس حوالے سے 15مارچ سے پراگریس ریوو کا عمل شروع کیاگیا ہے جس میں تمام سکیموں کی فزیکل اور فنانشل پراگریس کا تجزیہ کیا جاتا ہے اور بہتر کارکردگی کی حامل سکیموں کیلئے اضافی فنڈز کا اجراء کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات اس امر پر مطمئن ہے کہ وہ انتہائی پیشہ ورانہ طریقے سے ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے گا انہوں نے اس حوالے سے بعض حلقوں کی جانب سے پیدا کئے جانے والے اس تاثر کوسختی سے مسترد کیا کہ شائد اس سال کے آخر میں بھی کثیر ترقیاتی فنڈز خرچ کئے بغیر لیپس ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ ہماری تربیت ہی منصوبہ بندی اور ترقیاتی کاموں پر عملدرآمد ہے اور ہم عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ان کے ٹیکس کا پیسا نہایت ہی ایمانداری اور شفافیت کے ساتھ ان کی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا انہوں نے کہا کہ پیسے کا ناسمجھی سے استعمال غلط ہے ہمارا فریضہ ہے کہ سالانہ منظور شدہ ترقیاتی پروبرام پر حسب منظوری عملدرآمد کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ پیسہ خرچ کرنا آسان مگر اس کا عقلمندی سے استعمال ایک ہنر ہے انہوں نے کہا کہ محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت اور رہنمائی میں گڈ گورننس اور بہترین مالی نظم و نسق کو یقینی بناتے ہوئے عوام کی توقعات پر پورا اترے گا اور عوامی فلاح و بہبود کے حامل منصوبوں کو بروقت پایہ تکمیل تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان ترقیاتی فنڈز کے اجراء او راستعمال کی بذات خود نگرانی کررہے ہیں اور ان کی جانب سے سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ عوام کے ترقیاتی فنڈ کا ایک ایک پیسہ عوام کی ترقی پر خرچ ہو اور وسائل کا ضیاع ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔