|

وقتِ اشاعت :   March 22 – 2017

کوئٹہ: سیکرٹری صحت عصمت اللہ نے کہا کہ محکمہ صحت آبادی کے دباؤ کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے پاپولیشن کونسل پاکستان کی کاوشوں کو سراہتی ہے ۔ یہ بات انہوں نے پاپولیشن کونسل کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی۔ وفد کی قیادت پاپولیشن کونسل پاکستان کی ڈائریکٹر کمیونیکیشن سمین اشفاق کر رہی تھیں۔ اس موقع پر چیف پلاننگ آفیسر عبدالرسول زہری اور اسٹاف آفیسر شوکت زہری بھی موجود تھے۔ سیکرٹر ی صحت نے بتایا کہ محکمہ صحت ماں اور بچے کی شرح اموات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دے رہی ہے جس کی سربراہی اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی کرینگی۔ جبکہ دیگر ممبران میں محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی ، خزانہ ، پاپولیشن ویلفیئر کے نمائندے شامل ہونگے اور ان تمام عوامل کی نشاندہی کرینگے جس کے باعث بلوچستان میں ماں اور بچے کی شرح اموات دیگر صوبوں کی نسبت زیادہ ہے جس کیلئے پاپولیشن کونسل پاکستان کی تکنیکی معاونت درکار ہوگی ۔ اس موقع پر پاپولیشن کونسل کے وفد نے سیکرٹری صحت کو بتایا کہ فیملی پلاننگ کا بنیادی مقصد آبادی کے دباؤ کو کنٹرول میں رکھنے اور بڑھتی ہوئی آبادی کی شرح کے نقصانات اور مضمرات سے آگاہ کرنا ہے ۔جبکہ پاپولیشن کونسل ارادہ رکھتی ہے کہ محکمہ صحت کی جانب سے بنائی جانے والی ہیلتھ اسٹرٹیجی میں شامل کرنا مقصود ہے ۔