لاہور ہائی کورٹ نے 2018 میں سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لینے کا فیصلہ معطل کر دیا۔
لاہور ہائی کورٹ میں 2018 میں سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لینے سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس منصور علی شاہ کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے کی۔ اس موقع پر وفاق کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ سی ایس ایس کا امتحان 2018 میں اردو میں لینا ممکن نہیں ہے کیونکہ اس حوالے سے بالکل بھی تیاری نہیں ہے۔ وفاقی حکومت کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سی ایس ایس کے 51 میں سے 43 کا اردو میں ترجمہ نہیں ہو سکا ہے اس لئے اردو میں سی ایس ایس کا امتحان ممکن نہیں ہے۔
چیف جسٹس لاہورہائی کورٹ نے ریمارکس دیئے کہ انگریزی میں گریجویشن کرنے والے سی ایس ایس اردو میں کیسے دے سکتے ہیں؟، فیڈرل پبلک سروس کمیشن کے پاس امتحان اردو میں لینے کی تیاری نہیں۔ عدالت کی جانب سے سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لینے کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو 13 اپریل کے لئے نوٹس جاری کیا گیا ہے جس میں پوچھا گیا ہے کہ سی ایس ایس سلیبس کی اردو میں تیاری میں کتنا وقت لگ سکتا ہے۔
واضح رہے کہ لاہور ہائی کورٹ کے سنگل بینچ نے سی ایس ایس 2018 کے امتحانات اردو میں لینے کا فیصلہ کیا تھا جس کے خلاف وفاقی حکومت کی جانب سے درخواست دائر کی گئی تھی کہ 2018 میں سی ایس ایس کا امتحان اردو میں لینا ممکن نہیں ہے۔