|

وقتِ اشاعت :   April 10 – 2017

کوئٹہ : بلوچ نیشنل موومنٹ کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ آج نو اپریل کو آسٹریلیا کے شہر میلبورن میں شہدائے مرگاپ کی آٹھویں برسی کے موقع پر بلوچستان میں جاری مظالم کے خلاف بی این ایم اور بی ایس او آزاد کی جانب سے ایک مشترکہ احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ شہدائے مرگاپ غلام محمد بلوچ، لالا منیر بلوچ اور شیر محمد بلوچ کی یاد میں کراچی سمیت بلوچستان اور بیرون ملک تعزیتی ریفرنسز کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنسز میں شرکاء نے قومی جہد میں قربانی دینے والے شہدا کو خراج تحسین پیش کی اور ان کی جد و جہد کو منزل مقصود تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ میلبورن احتجاجی مظاہرے میں پمفلٹ تقسیم کئے گئے اور مقامی لوگوں کو دہشت گردانہ پالیسیوں کے بارے میں آگاہی دی گئی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اُٹھائے ہوئے تھے، جن پر اقوام متحدہ سے بلوچ نسل کشی روکنے کی اپیل، مظالم کی تصاویر، پاکستان خطے میں دہشت گردوں کی پناہ گاہ جیسے نعرے درج دے۔ ترجمان نے کہا کہ آٹھ برس قبل بی این ایم کے بانی قائد غلام محمد بلوچ کو جس طرح ’مارو اور پھینکو‘ پالیسی کے تحت ٹارچر سیلوں میں شہید کرکے ساتھیوں سمیت ان کی لاشیں پھینکی گئیں، یہ سلسلہ ہنوذ نہ صرف جاری ہے، بلکہ اس میں انتہائی شدت لائی گئی ہے۔ اس وقت اغوا، قتل اور گمشدہ ہونے والے بلوچوں کی تعداد چالیس ہزار کو پہنچ گئی ہے، مگر اس بربریت کے خلاف مہذب ممالک، انسانی حقوق کے ادارے اور اقوام متحدہ کوئی خاطر خواہ اقدام اُٹھانے میں ناکام رہے ہیں۔