|

وقتِ اشاعت :   April 12 – 2017

روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکا شام میں کیمیائی حملوں کی سازش کر رہا ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق روس کے صدر ولاد میر پیوٹن نے کہا ہے کہ ہمارے پاس خفیہ معلومات ہیں کہ امریکا شام میں جعلی کیمیائی حملوں کی تیاری کر چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ گزشتہ ہفتے شام کے صوبے ادلب میں ہونے والے کیمیائی حملوں کی آزاد تحقیقات کو یقینی بنائے کیونکہ امریکا جھوٹے الزام لگا کر شام کے صدر بشار الاسد کو بدنام کرنے کی سازش میں ملوث ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ شام کی حکومت کیمیائی حملوں میں ملوث ہے، روس کے ساتھ شام کے مسئلے پر کشیدگی حد سے زیادہ نہیں بڑھے گی۔ انہوں نے کہا کہ امریکی نیوی کی مغربی بحرالکاہل کی جانب پیش قدمی ایک دانشمندانہ اقدام ہے جب کہ امریکی وزیر خارجہ ٹلرسن روس کے دورے پر ہیں اور وہ روس کی عسکری قیادت سے بھی تنازعات کے حل پر بات کریں گے۔