انڈیا کی ریاست اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی جانب سے عوام کو حضرت علی کے یومِ ولادت اور ہندوؤں کے تہوار ہنومان جینتی کی مبارکباد دینے پر ملا جلا درعمل سامنے آیا ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے منگل کو حضرت علی کے یومِ پیدائش کے موقع پر مبارکباد کا پیغام پہلے ٹویٹ کیا۔
ایک سخت گیر ہندو رہنما کی ساکھ رکھنے والے یوگی کی جانب سے حضرت علی کے یوم ولادت کی مبارکباد نے جہاں انڈین سوشل میڈیا پر کچھ لوگوں کو چونکا دیا وہیں کئی لوگ ان کا شکریہ بھی ادا کرتے نظر آئے۔
یوگی کے مبارکباد والے ٹویٹ پر ہزاروں تبصرے آئے۔
نتن نشانت نے لکھا: ‘یہی بدلتے انڈیا کی تصویر ہونی چاہیے۔ ہم ایک بنیں، نیک بنیں! حضرت علی کی سالگرہ اور ہنومان جینتی کی سب کو مبارکباد!
جيتیندر چوبے نے لکھا: ‘وزیر اعلی ہندو یا مسلمان نہیں ہوتا۔ وہ سارے صوبے کا وزیر اعلی ہوتا ہے اور تمام مذاہب کا محافظ ہوتا ہے۔
یوگی کے ٹویٹ کے جواب میں طارق علی نے لکھا: وزیر اعلی یوگی جی اور تمام ہم وطنوں کو ہنومان جینتی کی مبارکباد’
طارق کی طرح ہی سلمان حیدر زیدی، امبر رضوی اور جنید احمد نے بھی یوگی کی ٹویٹ کے جواب میں ہنومان جینتی کی مبارکباد دی۔
ایک اور صارف نتھو رام نے لکھا: ‘سیکولر انڈیا میں آپ کی جانب سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور سارے مذاہب کو ایک نظر سے دیکھنے کی مثال پیش کرنے کے لیے آپ کا سو مرتبہ استقبال’۔
لیکن بہت سے لوگوں کو آدتیہ ناتھ کا یہ انداز پسند بھی نہیں آیا۔
ویر یودھا یعنی بہادر جنگجو کے نام کے اکاؤنٹ سے لکھا گیا: آج آپ کو بھی سیکولر (انداز میں) مبارکباد دیتے ہوئے دیکھ کر مجھے یہ یقین ہو گیا ہے کہ اقتدار ملتے ہی بڑے سے بڑا سخت گیر نظریات والا ہندو بھی سیکولر بن جاتا ہے۔
پردیپ کمار نے ٹویٹ کیا: ‘سر یہ تو کچھ زیادہ ہو گیا، آج حامد انصاری سے ہنومان جینتی کی مبارکباد حاصل کیجیے۔’
آر ایس شرما نے یوگی آدتیہ ناتھ کو یاد دلایا کہ ان کے منہ سے جے شری رام اچھا لگتا ہے۔
انھوں نے ٹویٹ کیا: سر آپ سے اترپردیش (یوپی) کے عوام کو بہت زیادہ امیدیں ہیں۔ آپ جو تھے وہ یوپی کے عوام کو منظور ہے۔ آپ کے منہ سے جے شری رام اچھا لگتا ہے۔’