|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2017

کوئٹہ: پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کی صوبائی کابینہ کا اجلاس جمعرات کو پارٹی کے صدر حاجی علی مدد جتک کی صدارت میں جتک ہاؤس سریاب میں منعقد ہواجس میں صوبائی سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ ، سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی اوردیگر نے شرکت کی۔اجلاس میں تنظیمی معاملات ، پارٹی کے رہنماؤں کی گمشدگی سمیت دیگر معاملات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ بلوچستان کی اہم شخصیات جلد ہی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کرگئی جن کے شمولیتی پروگراموں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پیپلز پارٹی بلوچستان سمیت چاروں صوبوں میں فعال اور منظم ہورہی ہے بلوچستان کی اہم سیاسی و قبائلی شخصیات نے پارٹی میں شمولیت کیلئے ہم سے رابطے کئے ہیں جو جلد پارٹی میں شامل ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ مومودہ حکمرانوں نے عوام کو مہنگائی،بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا عوام حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں اور ان سے نجات چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جمہوری سیاسی جماعت ہے اور پرامن سیاسی جدوجہد کر رہی ہے جس کی پاداش کے پیپلزپارٹی کے رہنماوں اور کارکنوں کو لاپتہ کیا جارہا ہے جس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ۔انہوں نے کہا کہ پارٹی کے لاپتہ کارکنوں کو فوری طور پر منظرعام پر لایا جائے اگرانکے خلاف کوئی مقدمات میں ہیں توانہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے پیپلز پارٹی کو اوچھے ہتھکنڈوں سے مرعوب نہیں کیا جاسکتا پارٹی عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ دریں اثناء ایسٹر کے حوالے سے پیپلزپارٹی کے زیراہتمام ایک پروگرام منعقد ہوا جس میں پیپلزپارٹی کے صوبائی صدرحاجی علی مدد جتک ،جنرل سیکرٹری سید اقبال شاہ ، سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی ،اقلیتی رہنما چوہدری شان سلامت اوردیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی اس موقع پر ایسٹرکا کیک کاٹا گیا۔ حاجی علی مدد جتک ، سید اقبال شاہ اور سردار سربلند جوگیزئی نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے پرمسرت موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری ہمارے ملک اور معاشرے کا اہم حصہ ہے جس کا ملک و قوم کی تعمیر وترقی میں ہمیشہ سے اہم کردار رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ دین اسلام تمام مذاہب کے احترام کا درس دیتا ہے اور پاکستان میں بھی مسیحی برادری کو اپنی مذہبی رسومات کی ادائیگی میں مکمل آزادی حاصل ہے اور آئین پاکستان کے تحت انہیں یکساں بنیادی حقوق بھی حاصل ہیں جن کا مکمل احترام کیا جاتا ہے۔