|

وقتِ اشاعت :   April 19 – 2017

نئی دہلی: بھارت میں غیر معمولی طورپر فربہ ایک بچی کا وزن 18 کلوگرام تک ہوچکا ہے جب کہ اس کی عمر ابھی صرف 8 ماہ ہے۔ بھارتی پنجاب میں پیدا ہونے والی اس بچی کا وزن غیر معمولی ہے جس میں روزانہ اضافہ ہوتا جارہا ہے جب کہ بچی کی بے وقت کی بھوک سے اس کے غریب والدین بہت پریشان ہیں۔ بچی کا نام چاہت کمارہے جس کی خوراک اس وقت ایک 10 سال کے بچے کے برابر ہے اور وزن ایک 4 سالہ بچے جتنا ہے۔ ڈاکٹر بھی اس بچی کی بڑھتی ہوئی بھوک اور وزن سے پریشان ہیں۔ وزن میں اضافے کی وجہ سے  اب اسے سونے اور سانس لینے میں بھی دقت پیش آرہی ہے۔ بچی کی جلد بھی غیرمعمولی طور پر سخت ہے جس سے ڈاکٹروں کو خون کے نمونے لینے میں دقت پیش آتی ہے۔ بچی کے والد نے بتایا کہ پیدائش کے وقت اس کا وزن نارمل تھا لیکن چار ماہ بعد وزن بڑھنا شروع ہوگیا اور اب اس کے غریب والدین اسے اچھے ڈاکٹروں کو دکھانے سے قاصر ہیں۔ بچی کی والدہ کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی اب ہر وقت کھاتی رہتی ہے جب کہ وہ اس کے بھاری وزن سے اسے گود میں اٹھانے سے بھی کتراتے ہیں۔ بچی کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کا کہنا ہے کہ اس طرح کا کیس انہوں نے زندگی میں پہلے کبھی نہیں دیکھا، بچی کی جلد اتنی سخت ہے کہ اس کا خون لینا بھی محال ہے جس سے اس کے علاج میں رکاوٹ پیش آرہی ہے۔