|

وقتِ اشاعت :   April 21 – 2017

اسلام آباد: قومی اسمبلی کے اجلاس میں عمران خان کو بات کرنے کی اجازت نہ دینے پر اپوزیشن ارکان نے شورشرابہ شروع کیا اور ایجنڈے کی کاپیاں بھی پھاڑ دیں جس سے ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی کی زیر صدارت ہوا جس میں تمام اپوزیشن ارکان بازؤں پر کالی پٹیاں باندھ کر شریک ہوئے۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا اظہار خیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے 2 ججز نے پاناما کیس کے فیصلے میں وزیراعظم نوازشریف کو نااہل قرار دیا جب کہ 3 ججز نے جے آئی ٹی سے تحقیقات کا حکم دیا ہے لیکن جے آئی ٹی وقت کے وزیراعظم سے تحقیقات نہیں کرسکتی۔ نوازشریف کو چاہیئے کہ وہ جمہوری نظام اور پارلیمنٹ کو بچانے کے لئے مستعفیٰ ہو جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قاعدہ اور قانون کے مطابق وقفہ سوالات مؤخر کریں اور عمران خان کو بات کرنے کا موقع دیا جائے۔ خورشید شاہ کی جانب سے عمران خان کو اظہار خیال کی اجازت دیئے جانے کے بیان پر حکومتی اراکین سے شور شرابہ شروع کر دیا۔ حکومتی رکن شیخ آفتاب کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو عوام نے منتخب کیا ہے اور یہ اپوزیشن کی بھول ہے کہ وزیراعظم اپنے عہدے سے استعفیٰ دیں گے۔ رانا تنویرکا کہنا تھا کہ اگراپوزیشن اراکین بات کرنا چاہتے ہیں تو قاعدے و قوانین کے مطابق پہلے سوالنامہ پیش کیا جائے اور اس پر رائے لی جائے جس کے بعد اس سے متعلق فیصلہ کریں گے۔ عمران خان کو بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر پر تمام اپوزیشن ارکان نے بھی شور شرابہ شروع کردیا اور حکومتی ارکان کی جانب سے بھی نعرے بازی کی گئی، حکومتی اور اپوزیشن بینچوں سے تلخ جملوں کا تبادلہ بھی کیا گیا جس سے ایوان مچھلی بازار بن گیا۔ اپوزیشن ارکان نے ڈپٹی اسپیکر کی ڈائس کا گھیراؤ بھی کیا اور ایوان کے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ دیں جب کہ قائم مقام اسپیکر قومی اسمبلی نے اپوزیشن کے شور شرابے پراجلاس غیر معینہ مدت تک کے لئے ملتوی کردیا۔