نیروبی: کینیا کی فوج نے جنوبی صومالیہ میں آپریشن کر کے دوران شدت پسند گروپ الشباب کے 52 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔
کینیا کے فوجی ترجمان کرنل جوزف اوتھ کا کہنا ہے کہ ان کے ملک کی فوج نے صومالیہ کے جنوبی صوبے بطاطی میں شدت پسند گروپ الشباب کے مرکز پر حملہ کر کے 52 جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا ہے۔ کرنل جوزف کے مطابق فوجی آپریشن کے دوران الشباب کے درجنوں شدت پسند زخمی بھی ہوئے۔
کرنل جوزف کا کہنا تھا کہ فوجی آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی قبضے میں لیا گیا تاہم الشباب کی جانب سے اپنے جنگجوؤں کی ہلاکت کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کینیا کے ہزاروں کی تعداد میں فوجی افریقین یونین مشن کے تحت صومالیہ سے الشبات کا خاتمہ کرنے کے لئے تعینات ہیں۔ الشباب کی جانب سے کینیا میں حملے کے بعد افریقی ملک نے 2011 میں پہلی مرتبہ اپنی فوج صومالیہ بھیجی تھی۔