|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2017

تہران : ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ان کا ملک پاکستان کی سلامتی اور یکجہتی کو بہت زیادہ اہمیت دیتا ہے ،ایران اور پاکستان دونوں ہمسایہ ممالک سیکورٹی اور خطے کی سلامتی سے متعلق یکساں خیالات رکھتے ہیں وہ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق سے تہران میں ایک ملاقات میں ان سے باتیں کررہے تھے، انہوں نے کہا کہ دونوں ہمسایہ ممالک سلامتی کے علاوہ مسلمان ممالک کے اتحاد کو بھی زیادہ اہمیت دیتے ہیں، سردار ایاز صادق نے ایران سے اپیل کی کہ وہ سی پیک میں شمولیت اختیار کرے، دونوں رہنماؤں نے اپیل کی کہ پاکستان اور ایران دونوں مل کر خطے میں دہشت گردی کا مقابلہ کریں خصوصاً تشدد پر آمادہ گروہوں کیخلاف جن کی وجہ سے خطے کی سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے اسپیکر ایران کے سرکاری دورے پر کل تہران پہنچے تھے، انہوں نے ایران میں اپنے ہم منصب لادی جانی سے ملاقات کی، ملاقاتوں میں ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے پاکستان کو معاشی معاملات میں تعاون کی پیشکش کی اور کہا کہ ان کا ملک ایران پاکستان کو گیس اور بجلی برآمد کرنے کو تیار ہے، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات خوشگوار اور انتہائی قریبی ہیں، بلکہ ہمارے تعلقات سفارتی پارلیمانی اور سلامتی کے امور میں بھی قریبی ہیں، جواد ظریف نے کہا کہ وہ پاکستان کو دعوت دی کہ وہ چاہ بہار بندرگاہ کے پروجیکٹ میں شامل ہو کیونکہ یہ بندرگاہ پاکستان کے سرحد پر واقع ہے، سردار ایاز صادق نے ایرانی مجلس کے اسپیکر سید علی لادی جانی سے بھی باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان نے خطے میں امن کے قیام میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے توقع ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت پانچ ارب ڈالر تک ہو جائے گا، سردار ایاز صادق نے مسلم اتحاد پر زور دیا اور کہا کہ مسلمانوں کو متحد ہو کر دہشت گردی کیخلاف جنگ لڑنی چاہیے، معمولی معاملات اور واقعات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں فرق نہیں آنا چاہیے، انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان فوجی تعاون پر بھی زور دیا ۔