کوئٹہ : چیف سیکریٹری بلوچستان شعیب میر نے جمعہ کے روز بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہسپتال کی اوپی ڈی، شعبہ حادثات ودیگر مختلف شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیف سیکریٹری نے دورے کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طبی سہولیات کی فراہمی عوام کا بنیادی حق ہے، سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی فوری اور ہرممکن سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اوراس مقصد کے حصول کے لئے صوبائی حکومت صحت کے شعبے پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ چیف سیکریٹری نے ہسپتال میں ڈاکٹروں کی غیرحاضری پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ،انہوں نے غیر حاضر ڈاکٹرز کو فوری طور پرمعطل کرنے کا حکم دیا۔چیف سیکریٹری نے ہسپتال میں صفائی کی خراب صورتحال پر بھی برہمی کا اظہار کیا اور ہسپتال کے عملے کو صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ طب کا شعبہ ایک مقدس پیشہ ہے اور ڈاکٹرز ایمانداری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں تاکہ مریضوں کو مشکلات پیش نہ آئیں اور مریضوں کو ادویات کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے۔ چیف سیکریٹری نے کہا کہ حکومت عوام کو علاج معالجہ کی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح کے اچانک دورے کریں گے۔