|

وقتِ اشاعت :   May 3 – 2017

کوئٹہ : بلوچ ہیومین رائٹس آرگنائزیشن کی چیئرپرسن بی بی گل بلوچ نے کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران بلوچستان میں ہونے والے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی ماہانہ رپورٹ میڈیا کو جاری کردیں۔ بی بی گل بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی مجموعی صورت حال انسانی حقوق کے حوالے سے انتہائی خراب ہوچکی ہے ۔تسلسل کے ساتھ رونما ہونے والے واقعات کی وجہ سے آج صورت حال اس نہج تک پہنچ گئی ہے کہ مغوی لوگوں کے لواحقین شدید ذہنی اذیت کا شکار ہیں، وہ اس بے یقینی کی کیفیت کا شکار ہیں کہ کہیں اگلی مسخ شدہ لاش ان کے کسی پیارے کا نہ ہو۔ یہ ایک پریشان کردینے والی صورت حال ہے جس سے بلوچستان کے لوگ گزر رہے ہیں، لیکن افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ ان سارے واقعات کے خلاف کہیں سے بھی کوئی آواز بلند نہیں ہورہی ہے۔ انسانی حقوق کے ادارے اور سول سوسائٹی کی تنظیمیں میڈیا پر پابندی کی اعتراف کے باوجود بھی صرف الیکٹرانک میڈیا اور فورسز کی یکطرفہ بیانات پر اکتفا کرکے صورت حال کا تجزیہ کرتے ہیں جو کہ اصل مسئلے سے شعوری طور پر خود کو لاعلم رکھنے کی کوشش ہے۔ بی ایچ آر او کا رابطہ بلوچستان کے تمام علاقوں میں ہے، ہمیں جو رپورٹ موصول ہوتے ہیں ان کے مطابق اس وقت بلوچستان کے مسائل کی اگر درجہ بندی کی جائے تو سب سے بڑا مسئلہ انسانی جان و مال کی عدم حفاظت کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کے اغواء کی خبریں اگر میڈیا کا حصہ نہیں بن پاتی ہیں تو اس خاموشی کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ وہاں سب کچھ اچھا چل رہا ہے۔ اپریل کے مہینے میں بلوچ ہیومین رائٹس آرگنائزیشن کو گمشدگی کی 120 کیسز موصول ہوئی ہیں، ان میں سے بیشتر لوگ دورانِ آپریشن اپنے گھروں سے ہی اٹھا کر لاپتہ کیے جا چکے ہیں۔ لیکن اصل تعداد اس سے کہیں زیادہ ہے، کیونکہ گمشدگیوں کے بہت سے کیسز ہمیں باقاعدہ رپورٹ نہیں کیے جاتے ہیں۔ اپریل کے مہینے کی مختلف کاروائیوں میں متعدد خواتین بھی فورسز نے اغواء کیے، جن میں یکم اپریل کو ڈیرہ بگٹی سے اغواء ہونے والے 17خواتین بھی شامل ہیں۔ معروف بلوچی فلم اداکارولید ناصربھی گمشدگان کی اس فہرست میں شامل ہے جسے 26اپریل کو کراچی سے اٹھا کر لاپتہ کردیا گیا۔