کابل: افغانستان کا دارالحکومت ایک بار پھر دھماکے سے گونچ اٹھا اور امریکی سفارتخانے کے قریب خود کش دھماکے میں 8 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق وسطی کابل میں ایک خود کش حملہ آور نے امریکی ایمبیسی اور نیٹو کمپاؤنڈ کے قریب افغانستان کی نیشنل ڈیفینس سیکیورٹی (این ڈی ایس) کے قافلے کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں قریب سے گزرتی متعدد سویلین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ دھماکے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 25 کے قریب زخمی ہو گئے، جب کہ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک اور زخمی ہونے والوں میں این ڈی ایس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔
افغان وزارت داخلہ نے 8 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام افراد سویلین ہیں جب کہ طالبان نے دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دھماکے کے فوری بعد افغان فوج اور پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے جب کہ پورے کابل میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دئی گئی ہے۔