|

وقتِ اشاعت :   May 11 – 2017

راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فوجی عدالتوں سے سزا یافتہ مزید 4 دہشت گردوں کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز، تعلیمی اداروں اور سیدو شریف ایئرپورٹ پر حملوں میں ملوث 4 دہشت گردوں کو خیبر پختونخوا کی جیل میں تختہ دار پر لٹکا دیا گیا ہے۔ چاروں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا اور چاروں ٹی ٹی پی کے فعال کارکن تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سزا پانے والے دہشت گردوں میں بخت امیر، اصغر خان، محمد نواز اور مشتاق احمد شامل ہیں، چاروں نے مجسٹریٹ اور ٹرائل کورٹ میں اپنے جرائم کا اعتراف کیا اور تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد فوجی عدالتوں نے دہشت گردوں کو سزائے موت سنائی۔ واضح رہے کہ رواں برس فروری میں شروع ہونے والے آپریشن ردالفساد کے بعد سے ملک بھر میں دہشت گردوں کو پھانسیاں دیئے جانے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 27 دہشت گردوں کو پھانسی کی سزا دی جا چکی ہے۔