کوئٹہ : کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی(کیسکو)کے چیف ایگزیکٹوآفیسرکی خصوصی ہدایات پر صارفین کو بجلی کی بلاتعطل فراہمی کے لئے متعدد اقدامات کئے جارہے ہیں۔ کوئٹہ شہرمیں وولٹیج کی کمی وبیشی پرقابوپانے کیلئے رمضان المبارک سے قبل صارفین کی شکایات کاازالہ ترجیحی بنیادوں پرکیاجارہاہے ۔
اس سلسلے میں سپرنٹنڈنگ انجینئرکیسکوسنٹرل سرکل اورایگزیکٹوانجینئرسٹی ڈویژن کے تحت کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں اوورلوڈ 100KVAٹرانسفارمروں کی جگہ دُگنی استعداد کاروالے 40عدد نئے 200KVAکے ٹرانسفارمرز نصب کئے جارہے ہیں اوراس منصوبہ کو کیسکواپنے ذاتی فنڈزسے مکمل کررہی ہے ۔
جن علاقوں میں دوگنی استعدادکاریعنی 200KVAکے ٹرانسفارمرزنصب کئے جارہے ہیں اُن میں میکانگی روڈ،گوردت سنگھ روڈ، شارع عبدالعزیز، آرٹ سکول روڈ، لندن سٹریٹ، نیوالگیلانی روڈ، شاہ وکشا روڈ، نجم الدین روڈ، احمدزئی کالونی، ریلوے ہاوسنگ سوسائٹی،ارباب کرم خان روڈ، سیٹلائٹ ٹاؤن بلاک5،سیٹلائٹ ٹاؤن زیارت روڈ، کوٹ آباد، سرکی روڈ، انڈسٹریل ایریا،رحمت کالونی اورخدائیدادروڈشامل ہیں۔
اس منصوبہ کے تحت پہلے مرحلہ میں ایک ہفتہ کے دوران 20نئے ٹرانسفارمرزنصب کئے جائیں گے علاوہ ازیں اُتارے گئے 100KV والے ٹرانسفارمرزکو 50KVکے اوورلوڈٹرانسفارمروں کی جگہ پرنصب کیاجائے گا۔ واضح رہے کہ مذکورہ علاقوں میں صارفین کو اوورلوڈڈٹرانسفارمروں پر وولٹیج کی کمی و بیشی اورباربار ٹرپنگ کی شکایات جیسے مسائل درپیش تھے جن کی بروقت ازالہ کے لئے کیسکونے متعلقہ علاقوں میں دوگنی استعدادکاروالے 40نئے ٹرانسفارمرزکی تنصیب کاعمل شروع کردیاہے۔
جس سے بلاشبہ صارفین کومستحکم وولٹیج کے ساتھ بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایاجاسکے گا۔ مذکورہ منصوبہ کیسکواپنے فنڈزسے مکمل کررہی ہے ۔ کیسکواپنے صارفین کو بلاتعطل اورمستخکم وولٹیج کے ساتھ بجلی فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں لہٰذا صارفین کیسکوسے تعاون کرتے ہوئے اپنے بجلی کے واجبات بروقت جمع کرائیں نیز نادہندہ صارفین بھی اپنے ذمہ بقایاجات فوری طورپرجمع کرائیں ۔علاوہ ازیں وہ تمام صارفین جنہوں نے غیرقانونی طورپرکنڈے لگائے ہیں انھیں فوری طورپرہٹادیں۔