|

وقتِ اشاعت :   May 18 – 2017

کوئٹہ : ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین جناب عبدالمجید ناصر ،ممبران گل عالم خان اورارسلاء خان نے غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور بغیر لائسنس کے ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد 7ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے ہیں ۔

بلکہ میسن نیچرل اینڈ ہومیو لیبارٹریز کے لائسنس منسوخی کا بذریعہ مراسلہ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو احکامات بھی جاری کئے گئے ہیں ،ادویہ ساز کمپنیوں کے علاوہ 9میڈیکل سٹورز مالکان کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں ۔

گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے سامنے وٹامن کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ لاہور کی سماعت ہوئی جس میں اسسٹنٹ منیجر ایڈمنسٹریشن کبیر عدالت کے روبرو پیش نہیں ہوئے جس پر عدالت کے جج نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دئیے ۔

انکاز فارما پرائیویٹ لمیٹڈ کیس میں نامزد ملزم بر ضمانت علی عباس اور ملزم اکبر علی کے بھی عدالت نے پیش نہ ہونے پر ناقابل ضمانت جبکہ کیس میں نامزد خاتون رخسانہ خان کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ۔

اس کے علاوہ رین نیوٹروفارماسیوٹیکل کمپنی کے کیس میں فرحان خان ،سیف الرحمن اور احمد رضا کے ناقابل ضمانت جبکہ نگہت حافظ کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ،عدالت نے میسن نیچر ل اینڈ ہومیو لیبارٹریز لاہور پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنر محمد انور کے عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے اور ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی اسلام آباد کو بذریہ مراسلہ حکم دیا گیا ۔

وہ مذکورہ کمپنی کا لائسنس منسوخ کرکے عدالت کو آگاہ کرے اس کے علاوہ مائی ہیلتھ فارماسیوٹیکل کمپنی لاہور کے چیف ایگزیکٹو خالد محمود ،سروفارماسیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ فیصل آباد کے ڈاکٹر انور خان اور ڈرگ فارما سیوٹیکل پرائیویٹ لمیٹڈ کے طاہر نواز اور عبدالجبار کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں ۔

اس کے علاوہ نیو کمپلیکس کلینک اینڈ میڈیکل کے عبدالوہاب ،ہمدرد ہسپتال فارمیسی کے شمس اللہ ،عرفان میڈیکل سٹور کے محمد عرفان ،بلال میڈیکل سٹور کے حزب اللہ ،صادق میڈیکل سٹور کے محمد صادق ،صالح میڈیکل سٹور کے عبدالحنان ،رضوان میڈیکل سٹور کے کلیم اللہ اور عمران میڈیکل سٹور کے محمد عمران کے بھی عدم پیشی کی بنیاد پر ایک مرتبہ پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ۔

متعلقہ پولیس کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر معیاری ،ان رجسٹرڈ اور بغیرلائسنس کی ادویات کی خرید وفروخت کے مقدمات میں نامزد ملزمان کو گرفتارکرکے عدالت کے روبرو پیش کرے اس کے علاوہ متعدد کیسز میں نامزد ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی اور گواہان استغاثہ کے بھی بیانات قلم بند کئے گئے ،محکمہ صحت کی جانب سے مقدمات کی پیروی سید اعجاز الدین آغا نے کی۔