لاہور: وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہے کہ ہمیشہ مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام ہوئے جب کہ پرویز مشرف اور آصف زرداری کے 14 سالہ دور حکمرانی نے پاکستان کو 28 برس پیچھے دھکیل دیا۔
خواجہ سعد رفیق کا این اے 125 میں کارنر میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حلقے کے 90 فی صد سے زائد اسکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں۔
مسلم لیگ (ن) کے ادوار میں ہمیشہ تعمیر و ترقی کے ریکارڈ کام ہوئے، تمام قومی و علاقائی جماعتوں کو حکومت کرنے کے مواقع ملے لیکن کسی نے ملک کی خاطر کام نہیں کیا جب کہ پرویز مشرف اور آصف زرداری کی 14 سالہ حکمرانی نے پاکستان کو 28 برس پیچھے دھکیل دیا۔
خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عمران خان اور اس کے اتحادیوں کی انتقامی سیاست نا اہلی، ناسمجھی اور بد انتظامی کی بھینٹ چڑھ گئی ہے جب کہ سی پیک کا عظیم منصوبہ پاکستان کی خوشحالی، استحکام اور سالمیت کو یقینی بنا دے گا۔