|

وقتِ اشاعت :   May 21 – 2017

سکھر: قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی نریندر مودی اور سجن جندال چلا رہے ہیں۔

سکھر میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ حکومت نے لوڈشیڈنگ کے معاملے پر پوری قوم کو دھوکا دیا، پورے ملک کی طرح پنجاب میں بھی 10،10 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے۔

جس لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے حکومت نے دعوے اور اپنے نام تبدیل کرنے کے وعدے کئے تھے اس میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے، ہم نے اپنے دور حکومت میں 3500 میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل کی جب کہ موجودہ حکومت نے 4 سال کے عرصے میں صرف 1300 میگا واٹ بجلی دی، آج ملک میں ساڑھے 8 ہزار میگا واٹ کا شارٹ فال ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت تو رمضان المبارک میں بھی عوام کو پوری بجلی نہیں دے سکتی جب کہ پیپلز پارٹی نے ماہ مقدس میں لوڈشیڈنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا تھا، لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں جس کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلایا جائے گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ انتخابات کے دن آچکے ہیں اور الیکشن ہی تحریک کا سب سے بڑا نام ہے، ہم نے لوگوں سے کئے ہوئے وعدے پورے کرنے ہیں، موجودہ حکومت نے ملکی زراعت کو مکمل تباہ کر دیا ہے۔

4 سال کے عرصے میں ملازمیں کی تنخواہوں میں 30 فیصد بھی اضافہ نہیں کیا گیا جب کہ ہم نے ملازمین کی تنخواہوں میں 135 فیصد اور پینشن میں 110 فیصد اضافہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے وفاق کو کمزور کیا اور چھوٹے صوبوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا۔

قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیرداخلہ بیمار اور ذہنی مریض شخص ہیں، ان کا یہ حال ہے کہ جب لاہور ماڈل ٹاؤن میں 11 افراد شہید ہوئے، اسلام آباد میں اساتذہ اور کلرکوں پر تشدد کیا گیا۔

عمران خان کے گھر پرلوگوں کو مارا گیا وزیراعلیٰ کے پی پر لاٹھیاں برسائی گئیں تو وزیر داخلہ کا کوئی بیان نہیں آیا لیکن کراچی میں صرف واٹر شیلنگ کی گئی تو سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنا ڈالا اور جب اسلام آباد میں رینجرز نے کارروائی کی تو چوہدری نثار سیخ پا ہو گئے۔

خود کہتے ہیں کہ فوج کے خلاف بات نہ کرو اور خود ہی فوج کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ وزیر داخلہ خود رینجرز کو اختیارات دینے کو تیار نہیں لیکن سندھ میں رینجرز اختیارات کے حوالے سے ان کی پالیسی دوغلی ہے۔

رہنما پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ حکومت ہر معاملے میں پیچھے ہے اور کلبھوشن کے معاملے پر پاکستان کی خارجہ پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی سجن جندال اور مودی چلا رہے ہیں۔ 

خورشید شاہ نے چئرمین پی ٹی آئی کو بھی آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے خیبرپختونخوا میں سونامی کے ذریعے تباہی پھیلائی۔