کابل: ماہ رمضان کے پہلے ہی روز افغانستان میں صوبائی سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر کیے جانے والے خودکش حملے میں 18 افراد ہلاک ہوگئے۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) کی رپورٹ کے مطابق افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش نے دھماکے میں ہونے والی ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ کار میں سوار خودکش بمبار نے افغانستان کے مشرقی صوبے خوست میں سیکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا۔
نجیب دانش کے مطابق حملے میں ہلاک ہونے والے زیادہ تر افراد عام شہری تھے، فوری طور پر کسی گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔
ترجمان وزارت داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ خوست فورس کے قافلے کو مرکزی بس اسٹیشن کے نزدیک نشانہ بنایا گیا۔
واضح رہے کہ یہ حملہ افغان فوجیوں پر ہونے والے حملے کے اگلے ہی روز سامنے آیا ہے۔