|

وقتِ اشاعت :   June 1 – 2017

 اسلام آباد: مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا ہے کہ بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں جس کے ثبوت اقوام متحدہ میں بھی پیش کر دیئے ہیں۔

سینیٹ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کی سینیٹر سحر کامران کی جانب سے افغانستان بھارت گٹھ جوڑ پر توجہ دلاوٴ نوٹس جمع کرایا گیا۔ سحرکامران کا کہنا تھا کہ جب سے مودی حکومت آئی ہے تو بھارت کا مقصد صرف دہشت گردی کو فروغ دینا ہے، بھارت اور افغانستان پاکستان کے خلاف دہشت گرد کاروائیوں میں ملوث ہیں اور ننگرہار میں امریکی فضائی حملے میں 15 بھارتیوں کی ہلاکت اس گٹھ جوڑ کا ثبوت ہے۔

اس موقع پر مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ننگر ہار میں پاک افغان سرحد کے قریب بھارتیوں کی ہلاکت لمحہ فکریہ ہے، پہلے کلبھوشن کی گرفتاری اور اب ننگر ہار میں بھارتیوں کی ہلاکت سے پاکستان میں بھارتی مداخلت سامنے آ گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت کیخلاف اقوام متحدہ میں ثبوت دئیے، دنیا کو بتایا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را اور افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہیں۔

مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں برہان وانی کی شہادت کے بعد کشمیر میں ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلوامہ میں پندرہ طالبات کو شہید کیا گیا اور بھارتی فوج نے کشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا۔