بگوٹا: کولمبیا کے شاپنگ مال میں بم دھماکے سے فرانسیسی شہری سمیت 3 افراد ہلاک اور 9 زخمی ہو گئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی امریکی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بگوٹا میں ایک بڑے شاپنگ مال میں بم دھماکے سے 3 خواتین ہلاک اور 9 افراد زخمی ہوگئے۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک جواں سالہ فرانسیسی خاتون بھی شامل ہے جبکہ باقی دونوں خواتین مقامی تھیں۔ شہر کے میئر نے بتایا کہ زخمیوں میں بھی ایک فرانسیسی خاتون شامل ہے۔
حکام کے مطابق شاپنگ مال میں لوگ فادرز ڈے کے موقع پر خریداری میں مصروف تھے کہ خواتین کے بیت الخلاء میں چھپائے گئے بم کا دھماکا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ حملے کے وقت شاپنگ مال میں کافی رش تھا۔
تاحال کسی نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی تاہم حکام نے اسے دہشت گردی کی کارروائی قرار دیا ہے۔
کولمبیا میں فعال واحد باغی تنظیم فارک نے بھی واقعے کی مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ملوث ہونے سے لا تعلقی کا اظہار کیا۔