کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے آئی جی پولیس کے دفتر کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ۔
وزیراعلیٰ نے دہشت گردی کے اس المناک واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کوئٹہ شہر میں حفاظتی اقدامات کو مذید موثر اور سخت بنانے اور دہشت گردوں کے خلاف کاروائیوں کو مزید تیزکرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران بے گناہ معصوم لوگوں کا خون بہانے والوں کا کسی دین و مذہب اور قوم و قبیلے سے تعلق نہیں ہو سکتا اور نہ ہی وہ انسانیت کے زمرے میں آتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے حکام کو ہدایت کی ہے کہ دوبارہ سے سر اٹھانے والے دہشت گردوں کو سختی سے کچل دیا جائے او ر ان کا آخری حد تک پیچھا کرتے ہوئے بچے کچے دہشت گردوں کا خاتمہ کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پولیس اورقانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے اہلکار امن واستحکام کیلئے گراں قدر قربانیاں دے رہے ہیں اور آج کے بم دھماکے میں بھی سیکورٹی اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔
وزیر اعلیٰ نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردو ں کے خلاف جاری کاروائیوں کو مزید مربوط اور موثر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ بے شک دہشت گرد تنظیمیں مسلح اور تربیت یافتہ ہیں تاہم ہم نے ان کا بھر پور مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی کرینگے اور ان کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھا جائے گا۔
انہوں نے شہر کے داخلی وخارجی راستوں پر سکورٹی کے سخت انتظامات کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔ تاکہ دہشت گردوں کو شہر کے اندر داخل ہونے کا موقع نہ مل سکے۔
وزیر اعلیٰ نے دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کی دُعا کی ہے۔ جبکہ انہوں نے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
دریں اثناء گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے جمعتہ الوداع کے با برکت دن آئی جی پولیس آفس کے قریب دھماکے کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس میں شہید ہونے والے سرکاری اہلکاروں و افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اس بابرکت مہینے میں دھماکے کرنے والے افراد انسان کہلانے کے مستحق نہیں ۔ انہیں ہر حال میں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا ۔
انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر زور دیا کہ وہ دہشت گرد عناصر پر کڑی نظر رکھیں اور ان کے خاتمے کیلئے بھر پور اقدامات کریں ۔انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دُ عا کی ہے۔
علاوہ ازیں اسپیکر بلوچستان اسمبلی محترمہ راحیلہ حمید خان درانی نے کوئٹہ میں آئی جی پولیس کے آفس کے قریب ہونے والے بم دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے عضریت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے پوری قوم متحد اور پر عزم ہے۔ بے گناہ اور معصوم لوگوں کونشانہ بنانے والوں کو بہت جلد منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں ہونے دیں گے۔ اسپیکر نے بم دھماکے میں شہید ہونے والوں کے ورثاء سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے بلند درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دُ عا کی ۔
دہشتگردوں کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں،گورنر/وزیراعلیٰ
وقتِ اشاعت : June 24 – 2017