کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صدر سردار یار محمد رند نے کہا کہ این اے 260 کے ضمنی انتخابات میں صاف ستھرے کردار کے حامل امیدوار کی نامزدگی اس سرمایہ دارانہ سیاسی نظام کی شکست ہے ۔
جس میں سیاست کو کاروبار کی شکل دے کر پارلیمانی جماعتوں کے لئے مالی کفیل پیدا کئے جاتے ہیں جو اسمبلیوں میں پہنچ کر عوام کے حقوق پر سودے بازی کر کے خاموشی اختیار کرنے میں ہی عافیت سمجھتے ہیں ۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹ میں بلوچستان کے مسائل کو جس موثر انداز میں اجاگر کرے گی اس کے واضح اثرات محسوس کئے جا سکیں گے ۔
پی ٹی آئی نے پڑھے لکھے اور عوامی مسائل کا بہتر ادراک رکھنے والے امیدوار ڈاکٹر منیر بلوچ کی نامزدگی کر کے تبدیلی کے منشور کا عملی مظاہرہ کیا ہے این اے 260 کے عوام کو اپنے حال اور مستقبل کا فیصلہ کرنے کا اختیار ایک بار پھر ان کے ہاتھ میں دے دیا گیا ہے ۔
عوام مصلحتوں کے بجائے اپنے ضمیر کے مطابق حق و صداقت کا ساتھ دے کر کرپشن فری نئے بلوچستان کی بنیاد رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے 260 کے ضمنی انتخابات سے متعلق انتخابی مہم کے منتظمین سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
سردار رند نے کہا کہ پیٹ پرستوں نے بلوچستان کو ترقی کے بجائے پسماندگی کی اتھاہ گہرائیوں میں دھکیلا جبکہ مذہب کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والوں نے جو گل کھلائے عوام ان کی اصلیت سے بھی بخوبی آگاہ ہیں پی ٹی آئی اقتدار میں آکر بلوچستان کے فیصلے بلوچستان میں ہی کرے گی ۔
صوبے کے ساحل و وسائل پر دسترس کے معاملات پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے اور نہ ہی محض چوکیدارانہ فرائض پر مبنی وزارتوں کے بدلے اجتماعی مفادات پر خاموشی اختیار کریں گے بلوچستان کے حقوق کی آئینی جنگ اسلام آباد کے ایوانوں میں لڑیں گے ۔
سردار رند نے کہا کہ این اے 260 پر بے داغ ماضی کے حامل امیدوار ڈاکٹر منیر بلوچ کی نامزدگی اس رویتی و خاندانی سیاست کے خاتمے کا عملی ثبوت ہے جس میں پارٹی ٹکٹیں خاندانی وابستگی اور مالی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے دی جاتی ہیں ۔
پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار متوسط طبقے کا وہ رول ماڈل ہیں جن کی نامزدگی کرپشن فری پاکستان کے پختہ عزم و نظریئے کی بنیاد پر کی گئی ہے اور یہ نامزدگی عام انتخابات میں نئے چہروں کی خالصتاً میرٹ پر نمائندگی کا عکس ہے ۔
سردار یار محمد رند نے کہا کہ حلقہ این اے 260 کے باشعور عوام آزمائے ہوئے چہروں کے بجائے عوامی خدمت پر یقین رکھنے والے نوجوان ڈاکٹر منیر بلوچ کو ووٹ دے کر کامیابی سے ہمکنار کریں تاکہ کرپشن کی دلدل میں دھنسے بلوچستان کو کرپٹ عناصر سے نجات دلانے کے ویڑن کو عملی جامع پہنایا جا سکے اور بلوچستان کے وسائل کو مال پدر سمجھ کر لوٹ مار کر نے والوں کا محاسبہ ووٹ کی طاقت سے کیا جائے۔
این اے 260 کے ضمنی الیکشن میں سر مایہ دارانہ سیاسی نظام کو شکست دیں گے،سردار یار محمد رند
وقتِ اشاعت : June 30 – 2017