|

وقتِ اشاعت :   July 5 – 2017

اسلام آباد: وزیراعظم محمد نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہاہے کہ میرے والد نواز شریف نے 30سال سے زیادہ کے سیاسی کیریئر میں آزمائشوں کا سامنا کیا ۔

جے آئی ٹی میں اپنی ممکنہ پیشی پر والد کی آنکھوں میں تشویش اور خدشات دیکھے، والد کو بتایا کہ میں خوف یا دباؤ کے آگے نہیں جھکوں گی ،میں آپ کی بیٹی ہوں ، آپ نے میری تربیت کی ہے ،آج ، ملاقات ہوگی انشاء اللہ،جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر قانون کی پاسداری کروں گی ۔

منگل کو سوشل میڈیا کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے جے آئی ٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملتے ہیں ۔ میں جے آئی ٹی میں پیش ہونگی ۔ آپ لوگوں کو قوانین کی پیروی کرنا ہوگی جیسا کہ ہمیشہ آپ کرتے آئے ہیں ۔

مریم نواز نے کہا کہ ایک شفیق اور محافظ باپ کے طور پر میں نے اپنے والد وزیر اعظم میاں نواز شریف کی آنکھوں میں اپنی بیٹی کی جے آئی ٹی میں پیشی سے قبل تشویش اور خدشات دیکھے ہیں ۔ حالانکہ میرے والد نے 30سال سے زیادہ کے سیاسی کیریئر میں آزمائشوں اور مخالفین کا سامنا کیا ،کوئی دباؤ پیدا ہوا نہ ہوسکتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ میں نے اپنے والد کو تسلی دی کہ میں بھی آپ کی بیٹی ہوں آپ نے ہی میری تربیت کی ہے میں کسی خوف یا دباؤ کے آگے نہیں جھکوں گی نہ ہی کوئی چیز مجھے ڈرا سکتی ہے ۔ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو کر قانون کی پاسداری کروں گی جیسا کہ ہم لوگ پہلے کرتے آئے ہیں ۔

(آج ) ملاقات ہوگی انشاء اللہ۔اس سے قبل مریم نواز نے وزیر اعظم ہاؤس میں قومی ٹیم کی آمد اور اس دوران وزیر اعظم نواز شریف کی تقریر کو بھی سراہا اور سوشل میڈیا پر تصاویر بھی جاری کیں اور کہا کہ نواز شریف دلوں پر حکمرانی کرتے ہیں اور وہ دلوں کے وزیراعظم ہیں ۔ وہ شیر ہیں وہ ایسے لیڈر ہیں جن کی میں پیروی کرتی ہوں اور میرے سمیت باقی بھی سب ان کی پیروی کرتے ہیں اور یہی جذبہ ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ آج چمپئنز وزیر اعظم کے ہمراہ موجود ہیں ۔ اور چمپئنز کے اعزاز میں تقریب کا اعزاز ایک تاریخی موقع ہے اور یہ میرے بھی پسندیدی کھلاڑی ہیں۔