کوئٹہ: مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ مریم نواز شریف قوم کی بیٹی ہیں سیاست سے ہٹ کر ہماری اپنی روایات ہیں جن میں ماؤں ،بیٹیوں اور بہنوں کا احترام کیا جاتا ہے۔
مخالفین سیاسی ، جمہوری اور معاشرتی روایات کو پامال کررہے ہیں۔مریم نواز شریف کے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے پر خوشیاں منانے والوں کو شرمندگی کا سامنا ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے ایک بیان میں کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف ان کی بیٹی مریم نواز شریف اور بیٹوں نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر آئین اور قانون کی پاسداری کی مثال قائم کی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ مریم نوازشریف جس بھرپور اعتماد کے ساتھ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئیں اور ان کے لہجے کی سچائی نے وزیراعظم اور ان کے خاندان کے خلاف جھوٹے پراپیگنڈے کا پھول کھول دیا ہے اور قوم کے سامنے ہماری بیٹی مریم نواز شریف کی عزت و احترام میں اضافہ ہوا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ مریم نوازشریف نے ثابت کیا ہے کہ وہ ایک بڑے لیڈر کی بیٹی ہیں اور مشکلات اور مسائل کا سامنا کرنا ان کے خاندان کیلئے نئی بات نہیں ہے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ آج پوری قوم وزیراعظم اور ان کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے اور وہ اس امتحان سے بھی سرخرو ہوکر نکلیں گے حریفوں کو سیاسی مخالفت میں اتنا آگے نہیں جانا چاہئے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہواور انہیں مکافات عمل کو بھولنا نہیں چاہئے ۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ 2018کے انتخابات زیادہ دور نہیں جن میں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے گا اور منفی ہتھکنڈوں کے ذریعے اپنے سیاسی قد و کاٹھ میں اضافہ کی کوشش کرنے والوں کو بدترین شکست ہوگی ۔
مریم نواز نے جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوکر آئین و قانون کی پاسداری کی مثال قائم کی ہے، نواب زہری
وقتِ اشاعت : July 6 – 2017