|

وقتِ اشاعت :   July 10 – 2017

کو ئٹہ: عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ 4سالہ دور میں بدترین کرپشن قبضہ گیری کے بعد نام نہاد پشتون بلوچ قوم پرست مذہبی جماعت عوام کو بے وقوف بنانے اور سبز باغ دکھانے جنت اور دوزخ کے قصے سنانے میں مصروف عمل ہیں ۔

پشتون اولس سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ قول و فعل میں تضاد کو بنیاد بنا کر اپنی قیمتی ووٹ کا استعمال کریں میر بہادر خان مینگل عوامی نیشنل پارٹی ‘ بلوچستان نیشنل پارٹی اور ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مشترکہ امیدوار ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواں کلی میں اولسی جرگہ اور انتخابی اجتماع سے خطاب کے دوران کیا جرگہ سے پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر نوابزادہ ارباب عمر فاروق کاسی ‘ ملک ابراہیم کاسی ‘ بی این پی مرکزی رہنماء ملک عدالمجید کاکڑ ‘ رشید خان ناصر ‘ عبدالعزیز کاکڑ ‘ حبیب الرحمان یوسفزئی ‘ حاجی عبدالرحمان ‘ مس نسرین مسیح اور عصمت خان نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر ایک قوم پرست جماعت سے آصف خان کی قیادت میں 20 افراد محمد عمر کی قیادت میں تحریک انصاف سے 15 حاجی کبیر احمد بازئی کی قیادت میں 17 افراد نے عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔

انہوں نے کہا کہ وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ صوبہ کے حقیقی قوم دوست قوتیں غضب شدہ حقوق کے حصول کے لئے مشترکہ جدوجہد اپنا استحصالی اور غاضب طبقے کے خلاف ڈٹ کر آواز اٹھائیں گزشتہ 4 سال کی ناقص کارکردگی کو چھپانے کے لئے برسراقتدار جماعتیں عوام کو ایک بار پھر بے وقوف بنانے کی تگ دو کررہی ہے لیکن عوام نے ان کے چہرے بڑے نزدیک سے دیکھیں ۔

لہٰذا ہم عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ آزمائے ہوئے چہروں کو دوبارہ نہ آزمائیں بلکہ محکوم اقوام کے مشترکہ امیدوار میر بہادر خان مینگل کو کامیاب کراکر تعصب اور نفرت کی سیاست کو دفن کرے ۔