|

وقتِ اشاعت :   July 11 – 2017

راولپنڈی: عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے قومی مفادات کے تناظر میں پاک فوج قومی کوششوں میں اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی جبکہ آپریشن رد الفساد سے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 202 ویں کور کمانڈرز کانفرنس پیر کو جی ایچ کیو میں ہوئی جس میں تمام کور کمانڈرز اور پرنسپل سٹاف افسران نے شر کت کی کانفرنس میں خطے کی جیو سٹرٹیجک صورت حال ، مشرق وسطی اور افغانستان کی موجودہ صورت حال اور اس کے پاکستان پر اثرات کا جائزہ لیا گیا ۔

عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کے قومی مفادات کی روشنی میں کی جانے والی قومی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور فوج اپنا مثبت کردار ادا کرتی رہے گی کور کمانڈرز کو آپریشن رد الفساد کے نتائج پر تفصیلی غور کیا گیا ۔

اس کے علاوہ بہتر سرحدی انتظام کے لئے پاکستان اور افغانستان کی افواج کے درمیان رابطوں کا بھی جائزہ لیا گیا ، ملک کی د اخلی سلامتی کی صورت حال بھی زیر بحث آئی اور متوقع سیلاب سے نمٹنے کے لئے فوج کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا اس حوالے سے فوج اپنا ریلیف اور ترقی کا کام جاری رکھے گی ۔