راولپندی: لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال فائرنگ کی جس کی زد میں آکر پاک فوج کی گاڑی دریائے نیلم میں جاگری اور اس میں سوار 4 جوان ڈوب گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارتی فوج نے اٹھ مقام پر پاک فوج کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں گاڑی دریائے نیلم میں جاگری اور اس میں سوار 4 فوجی جوان ڈوب گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ڈوبنے والے چار میں سے ایک جوان کے لاش نکال لی گئی ہے جب کہ 3 کی تلاش کا کام جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارت کی بلااشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد دشمن کی بندوقیں خاموش ہوگئیں۔
خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور بھارتی فوجی بھاری ہتھیاروں سے شہری آبادی کو نشانہ بنارہے ہیں۔