|

وقتِ اشاعت :   July 17 – 2017

کوئٹہ: گندم خورد برد کیس میں گرفتار محکمہ خوراک کا آفیسر دوران قید کوئٹہ کے جیل وارڈ میں دوران علاج انتقال کر گیا۔

تفصیل کے مطابق ڈیرہ مراد جمالی کے رہائشی پچپن سالہ منظور حسین جمالی ولد فیروز خان جمالی محکمہ خوراک میں اسسٹنٹ کنٹرولر فوڈ تھے۔ انہیں نیب نے اوستہ محمد میں کروڑوں روپے کی گندم خورد برد کرنے کے الزام میں گرفتار کیا تھا۔

عدالت نے انہیں ڈسٹرکٹ جیل بھیج دیا تھاجہاں جمعرات کو طبیعت خراب ہونے پر انہیں سول اسپتال کوئٹہ کے جیل میڈیکل وارڈ لایا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق منظور حسین جمالی کو سینے اور گلے کا انفیکشن تھا ۔ اتوار کی شام کو وہ جیل وارڈ میں دوران علاج وفات پا گئے۔ لاش ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کردی گئی۔