|

وقتِ اشاعت :   July 18 – 2017

 اسلام آباد: سپریم کورٹ میں پاناما عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران جسٹس اعجاز افضل خان نے ریمارکس دیئے کہ جےآئی ٹی نے صرف سفارشات پیش کی ہیں حکم عدالت جاری کرے گی۔

پاناما لیکس کیس کی سماعت جسٹس اعجازافضل کی سربراہی میں جسٹس شیخ عظمت سعید اور جسٹس اعجازالاحسن پرمشتمل سپریم کورٹ کا خصوصی بینچ کررہا ہے۔

وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل کے دوران سپریم کورٹ کا 20 اپریل کا حکم نامہ پڑھ کرسنایا اور کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے حکم میں تحقیقات کی سمت کا تعین کردیا تھا۔ سپریم کورٹ کے سوالات میں نوازشریف سے متعلق تحائف کا ذکرتھا جب کہ سپریم کورٹ نے نوازشریف کے خلاف کسی مقدمے کودوبارہ کھولنے کا حکم نہیں دیا تھا۔

وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے دلائل میں مزید کہا کہ سپریم کورٹ نے لندن فلیٹس، قطری خط، بیئررسرٹیفکیٹ سے متعلق سوالات پوچھے اورسپریم کورٹ نے جوسوالات پوچھے ان کے ہی جواب مانگے گئے تھے. جے آئی ٹی نے 13 سوالات کے ساتھ مزید 2 سوالات اٹھادیئے جس پر جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ وہ دو سوال کون سے ہیں، کیا آپ کہنا چاہتے ہیں جائیدادوں کی نشاندہی جے آئی ٹی کا مینڈیٹ نہیں تھا جس پرخواجہ حارث نے کہا کہ جومقدمات عدالتوں سے ختم ہوچکے، جے آئی ٹی نے ان کی بھی پڑتال کی جب کہ عدالت نے مقدمات کھولنے کا حکم نہیں دیا تھا۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جائزہ لینا الگ معاملہ ہے، ازسرنو تعین کرنا الگ بات ہے، بہت سے معاملات آپس میں ملے ہوتے ہیں جنہیں الگ نہیں کیا جاسکتا، جہاں تک مجھے یاد ہے لندن فلیٹس کی پہلے بھی تحقیقات ہوتی رہی ہیں، جب تک مکمل تحقیقات نہ ہوں، مکمل معاملے کو دیکھنا ہوگا، تمام مقدمات کا آپس میں گہرا تعلق ہے، اصل چیز منی ٹریل کا سراغ لگانا تھا، عدالت کو دیکھنا تھا کہ رقم کہاں سے آئی، التوفیق کیس پر عدالت کا فیصلہ موجود ہے اور اسحاق ڈار کا بیان التوفیق کمپنی سے منسلک ہے۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو اپنے مرتب سوالوں کے جواب دیکھنے ہیں، ہم جے آئی ٹی کی سفارشات کے پابند نہیں، جے آئی ٹی نے جو بہتر سمجھا اسکی سفارش کردی، سفارش پر عمل کرنا ہے یا نہیں،اس کا فیصلہ عدالت کو کرنا ہے۔ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ وہ جانتے ہیں کہ ابھی عدالت نے فیصلہ نہیں کیا لیکن وہ جے آئی ٹی کی کارکردگی بتا رہے ہیں۔ ہماری درخواست قانونی نکات پر ہے، جے آئی ٹی کی رائے کی قانون میں کوئی نذیر نہیں۔

جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ آپ کی بات سمجھ کر ہم نے نوٹ کرلی ہے۔ آپ نے اپنے جواب میں دستاویزات کی تردید نہیں کی، لندن فلیٹس کی انکوائری کی منظوری 17 سال پہلے بھی ہوئی تھی، 2000 سے 2008 تک آپ کے موکل ملک سے باہر تھے، جسٹس اعجاز افضل نے ریمارکس دیئے کہ ہمیں جے آئی ٹی کی رائے نہیں اس کا مواد دیکھنا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ جے آئی ٹی نے تمام افراد کو جواب، دستاویز اور منی ٹریل کے لئے واضح موقع دیا تھا۔ وزیر اعظم ، مریم، حسن اورحسین کو بلایا گیا اور سوالات کیے گئے، ہم آپ کو وزیر اعظم ، مریم، حسن اور حسین کے جوابات بتا رہے ہیں اور ان کی سوچ تھی کہ انہیں نا تو کچھ بتانا ہے اور نا ہی کچھ تسلیم کرنا ہے۔ جے آئی ٹی کو جو کرنا ہے وہ خود کرے۔ وزیر اعظم سے لندن فلیٹس کاپوچھا گیا تو انھوں نے کہا معلوم نہیں شاید ان کا مالک حسن ہے، وزیر اعظم نے تو اپنے خالو محمد حسین کو بھی پہچاننے سے انکار کردیا۔ وزیر اعظم لندن فلیٹس میں جاتے رہے لیکن انہیں علم نہیں کہ کس کے ہیں، ہل میٹل کی رقم سے جماعت کو دس کروڑ کی گرانٹ دی گئی لیکن ہل میٹل کی رقم کو سیاسی مقصد کے لیے استعمال کرنے کا پوچھا گیا تو کہا نہیں۔

خواجہ حارث نے کہا کہ محمد حسین وزیر اعظم کے خالو نہیں تھے، وزیر اعظم سے ایف زیڈ ای سے متعلق سوال بھی نہیں پوچھا گیا۔ وزیراعظم 1985 تک کاروبار کرتے رہے ہیں، 1985 کے بعد وزیراعظم کا کاروبار میں کوئی کردار نہیں تھا، ان کے تمام اثاثے گوشواروں میں ظاہر ہیں، ان کے علاوہ کوئی اثاثے ہیں تو بتائیں، وہ اپنے موکل کی جانب سے ان کا  جواب دیں گے۔ ہل میٹل سے رقم آئی لیکن سیاست میں استعمال نہیں ہوئی۔ وزیراعظم نے 14 کروڑ 50 لاکھ روپے  (ن) لیگ کو دئیے، جس میں سے 10 کروڑ عطیہ جب کہ ساڑھے 4 کروڑ قرض تھا۔

خواجہ حارث کے دلائل پر جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ جے آئی ٹی نے نہیں پوچھا تو ہم پوچھ رہے ہیں، نوازشریف ایف زیڈ ای کمپنی کے چیئرمین ہیں یا نہیں۔ جس پر خواجہ حارث نے کہا کہ ایف زیڈ ای کا مالک حسن نواز ہے، وزیراعظم کے پاس صرف چیئرمین کا عہدہ ہے۔ وہ کمپنی سے تنخواہ نہیں لیتے۔ جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ کیا آپ کہتے ہیں کہ ان کے اوپر یہ الزام غلط ہے، خواجہ حارث نے کہا کہ جی ہاں، یہ الزام غلط ہے اور کاغذات بھی یہی کہتے ہیں، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ وزیراعظم نے دبئی میں کام کرنے کے لیے اقامہ تولیا تھا نا۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ کی جلد نمبر 10 میں لکھا ہے کہ کتنی قانونی معاونت آئی ہے کتنی نہیں، ہمیں نہیں معلوم کہ وہ سربمہرکیوں ہے، اگر آپ اصرار کریں تو اسے بھی کھولا جا سکتا ہے۔ آپ جب چاہیں متفرق درخواست میں دستاویزات کو چیلنج کر سکتے ہیں. وزیر اعظم کے وکیل نے کہا کہ جے آئی ٹی نے نجی فرم سے دستاویزات حاصل کیں جو مصدقہ نہیں، جسٹس عظمت سعید نے استفسار کیا کہ کیا آپ کا مطلب ہے کہ یہ دستاویز باہمی قانونی تعاون سے حاصل نہ کی گئیں۔ خواجہ حارث نے کہا کہ قانون سورس دستاویز کی اجازت نہیں دیتا۔

جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ کیا صرف ذرائع سے حاصل ہونے والی دستاویزپرشک کر سکتے ہیں، خواجہ حارث نے کہا کہ یہ دستاویز اگر وزارت خارجہ کے ذریعے حاصل ہوتی تو قابل قبول اور مصدقہ ہوتیں، جس پر جسٹس عظمت سعید نے کہا کہ اب برطانیہ میں ملکہ کو تو چٹھی نہیں لکھیں گے نا۔

خواجہ حارث نے جے آئی ٹی کو حاصل ہونے والے دستاوزیات کی قانونی حیثیت پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جے آئی ٹی نے کسی غیر ملکی حکومت سے براہ راست قانونی مدد نہیں لی بلکہ دستاویزات کا حصول نجی فرم کے ذریعے کیا حالانکہ دستاویزات کو متعلقہ حکومت کے ذریعے ہی ارسال کیا جانا ضروری ہے، غیر ملکی حکومت کو ہی دستاویزات کے لیے درخواست کی جاسکتی ہے۔ تصدیق کے بغیر کوئی دستاویز قابل قبول نہیں۔ جسٹس اعجاز افضل نے استفسار کیا کہ نیب قوانین کے مطابق حکومت کے زیراثر ادارے اور افراد ہی حکومت کے زمرے میں آتے ہیں، دستاویزات جے آئی ٹی کو قانونی معاونت کے تحت ملیں، کیا ہم صرف اس بنیاد پر دستاویزات کو تسلیم نہ کریں کہ حکومت نے نہیں دیں۔

جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ قانونی معاونت افراد نہیں ریاستی اداروں کے درمیان ہوتی ہے، وفاقی حکومت یا حکومت کا نامزد ادارہ قانونی معاونت کا معاہدہ کر سکتا ہے، قانونی معاونت کے معاہدے کا جائزہ لیا جا سکتا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ دستاویزات اصل ہوں تو سفارت خانے کی تصدیق کی ضرورت نہیں، وہ الگ بات ہے آپ اعتراض کر دیں کہ فلاں دستاویز متعلقہ ادارے سے نہیں لی گئی۔