لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بیساکھیوں کے ذریعے اقتدار کے راستے ڈھونڈنے والوں کی خواہش پوری نہیں ہوگی اور 2018 کے انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کو ایک بار پھرمسترد کردیں گے۔
ایک تقریب سے خطاب کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوازشریف 20 کروڑ عوام کے دلوں میں بستے ہیں، عوام کے مقبول ترین اور مخلص لیڈر پر الزامات لگانے والوں کے ہاتھ کچھ نہیں آئے گا جب کہ بیساکھیوں کے ذریعے ایوان اقتدار کے راستے ڈھونڈنے والوں کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ مسترد شدہ عناصر آئندہ الیکشن میں اپنی شکست کے ڈر سے بوکھلاہٹ کا شکار ہیں،2018 کے انتخابات میں عوام ترقی کے مخالفین کو ایک بار پھرمسترد کردیں گے اور ان انتخابات میں بھی امانت، دیانت، شرافت اور خدمت کی سیاست کی جیت ہوگی لہذا عوام کی ترقی کے سفر میں اپنی منفی سیاست کا بند باندھنے والوں کو پچھتانا پڑے گا، قوم ایسے سیاسی عناصر کو کبھی معاف نہیں کرے گی۔