|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2017

کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چےئرمین رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے اسلام آباد کے فیڈرل لارجز کے ہال میں ہرنائی سے مطالعاتی دورے پر آئے ہوئے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک میں سیا سی واقتصادی استحکام کیلئے جمہوریت ،جمہوری نظام اور جمہور کی حکمرانی لازم ہے ۔

ملک کے تمام سیاسی جمہوری پارٹیوں کی یہ اولین ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں پارلیمنٹ کی خود مختیاری ، آئین کے تحفظ ، قانون کی بالادستی وحکمرانی اور قوموں کی برابری کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ ہرنائی کے طلباء کے وفد کی قیادت کالج کے اساتذہ امر الدین اور حکیب اللہ شاہ کررہے تھے ۔

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی سینئر نائب صدر سینیٹر سردار اعظم خان موسیٰ خیل ، صوبائی نائب صدر رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان ودان ، پارٹی کے صوبائی سیکرٹری صوبائی وزیر تعلیم عبدالرحیم زیارتوال ، پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے رکن صوبائی مشیر قانون وپارلیمانی امور سردار رضا محمد بڑیچ ودیگر موجود تھے۔

محمود خان اچکزئی نے طلباء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مغربی روٹ کی تعمیر کے بغیر سی پیک نامکمل ہے کیونکہ مغربی روٹ دنیا کو ملانے کیلئے اہم ترین روٹ ہے جو کہ آدھ درجن سے زائد مقام پر سب کوریڈور مہیا کرتا ہے اور اس کے علاوہ مغربی روٹ ایک اہم ترین اور فائدہ مند اور شارٹسٹ روٹ ہے ۔ اس کیلئے لازم ہے کہ علاقے اور خطے میں امن قائم ہو تاکہ سی پیک کامیابی سے ہمکنار ہوسکے ۔

انہوں نے کہا کہ غیور پشتون ملت کو متحد ومنظم ہوکر پشتونوں کو دہشتگرد کے طور پر پیش کرنے کی سازش کو ناکام بنانا ہوگا اور اس کیلئے لازم ہے کہ تمام مکتبہ فکر کے لوگ اپنی اجتماعی ذمہ داری پوری کریں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو کرپشن کی وباء سے نجات کیلئے آئین وقانون پر عملدرآمد وقت کا تقاضا بن گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ آزاد وجمہوری افغانستان کی خودمختیار ی ، سالمیت خطے کے تمام ملکوں پر فرض ہے اور ہمیں ملکر افغانستان کے عدم استحکام کی سازشوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی خودمختیاری ، سیالی ، برابری ، امن ، سماجی عدل وانصاف ہر انسان کا اولین مقصدیت ہونا چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماؤں کارکنوں نے ملک میں جمہوریت ، آئین کی حکمرانی ، عدلیہ کی آزادی ، پارلیمنٹ کی بالادستی ، قوموں کے واک واختیار ، پشتون ملی وحدت کے قیام کیلئے طویل اور صبر آزما جدوجہد کی ہے ۔ اور پارٹی ان مقاصد کے حصول کیلئے مستقبل میں بھی کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی۔

دریں اثناء پشتونخواملی عوامی پارٹی کے جاری کردہ بیان میں آزاد جمہوری افغانستان کے دارالحکومت کابل اور صوبہ پنجاب کے شہر لاہور میں بم دھماکوں کے دہشتگردانہ واقعات کی شدید مذمت کرتے ہوئے بے گناہ انسانی جانوں کی ضیاع پر رنج وغم کا اظہار کیا گیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ استعماری وآمرانہ قوتوں کی سرپرستی میں قائم دہشتگردی کے ناسور نے پورے خطے کو اپنی لپیٹ میں لیا ہے اور بالخصوص آزاد وجمہوری افغانستان پر گزشتہ چار دہائیوں سے دہشتگردی کی جنگ مسلط ہے جس کامقصد افغانستان کی استقلال وآزادی اور خود مختیاری کوختم کرنا ہے ۔

لیکن تاریخی افغانستان کی غیور افغان ملت نے تاریخ میں تمام جابر وقبضہ گر قوتوں کا مقابلہ کرکے اپنے مادر وطن کا دفاع کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ہمارے ملک ، خطے اور دنیا کے تمام مہذب اقوام وعوام اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ ہمارے خطے میں مذہبی انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کی بنیادملک کے استعماری وآمرانہ قوتوں نے رکھ کر گزشتہ چار دہائیوں سے اس کی سرپرستی جاری رکھی ہے۔

جس کی وجہ سے آج پشتونخوا وطن اور ملک میں دہشتگردی اور بے گناہ انسانی جانوں کی قتل عام کے واقعات رونماء ہورہے ہیں اور گزشتہ دنوں لاہور میں دہشتگردی کا واقعہ اور اس میں بے گناہ شہریوں کی ہلاکتیں دہشتگردی کے انہی واقعات کا تسلسل ہے اور جب تک مذہبی انتہا پسندی ، فرقہ واریت اور دہشتگردی کی سرپرستی ریاستی قوتوں کی جانب سے ترک نہیں کی جاتی اس وقت تک اس ناسور کا خاتمہ نا ممکن ہے ۔

بیان میں آزاد جمہوری افغانستان کے جمہوری حکومت وعوام اور پنجاب کی حکومت اور پنجاب کے عوام کے ساتھ اس افسوسناک واقعات پر یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے ۔